بابر اعظم کو کیوں ٹیم سے نکالا کے شور میں ملتان میں دوسرے ٹیسٹ میچ کا کھیل جاری ہے۔ تاہم بابر اعظم کو ٹیم سے نکالنے کے اس شورمیں بھارٹی کرکٹر ایشون بھی کود پڑے اور انہوں نے بابر اعظم کو چھوڑ کر کرکٹ فینز کی توجہ ایک نئے ٹیلنٹ کی طرف مبذول کرادی ہے۔
جی ہاں، انگلینڈ کے خلاف سیریز میں اپنا ڈیبیو اور سنچری کرنے والے کھلاڑی کامران غلام نے ایشون کو بھی متاثر کر دیا۔
مشہور بھارتی کھلاڑی ایشون نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر ایک ٹویٹ کیا جس میں انہوں نے لکھا کہ بابر کے بارے میں تمام باتوں کے دوران ایک لمحہ کامران غلام کے لیے بھی سوچیں، جو مشکل حالات میں میدان میں اترے اور شاندار سنچری بنائی۔
یاد رہے کہ انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں کامران غلام نے 118 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ٹیم کو 366 رنز کے ہدف تک پہنچنے میں بڑی مدد پیش کی۔
اس سے قبل کامران غلام نے ایک بیان میں کہا تھا کہ جو خوشی ہے وہ بیان نہیں کرسکتا۔ یہ ہر کرکٹر کا خواب ہوتا ہے کہ وہ پاکستان کیلئے کھیلے۔
مزید پڑھیں:بابر اعظم کی حمایت فخر زمان کو مہنگی پڑ گئی
دوسری جانب ایک جارحانہ آغاز کے بعد انگش ٹیم کی بیٹنگ لائن بھی لڑکھڑانے لگ گئی۔ نعمان علی اور ساجد خان کی شاندار بولنگ کے باعث دوسرے دن کھیل کے اختتام پر انگلینڈ کرکٹ ٹیم نے 239 کے مجموعی رنز پر 6 وکٹیں گنوادیں ہیں۔
مہمان ٹیم کو پاکستانی ٹیم کا پہلی اننگز کا سکور برابرا کرنے کیلئے مزید 127 رنز درکار ہیں۔
اس سے قبل جب انگلینڈ نے اپنی اننگز کا آغاز کیا تو یہ ایک اچھا اور جارحانہ آغاز تھا۔ پہلی وکٹ 73 کے مجموعی سکور پر گری، دوسری 125 ،تیسری وکٹ 211 کے مجموعی سکور پر گری۔
اس وقت انگلینڈ ٹیم کی جارحانہ اننگز سے یہی لگتا تھا کہ ایک اننگز سے شکست ایک بار پھر نوشتہ دیوار ہے۔ لیکن نعمان علی کی شاندار بولنگ کے باعث اب میچ دلچسپ مرحلے میں داخل ہو گیا ہے۔