انڈین کرکٹ ٹیم چیمپیئنز ٹرافی کھیلنے پاکستان آئے گی؟

انڈین کرکٹ ٹیم چیمپیئنز ٹرافی کھیلنے پاکستان آئے گی؟ یہ وہ سوال ہے جسکا جواب ڈھونڈنے کیلئے شائقین بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔ جہاں کھیل سیاست کی نظر کرنے والی بی جے پی پارٹی ایک بار پھر حکومت میں آنے کی مضبوط پوزیشن میں ہے۔ ایسے میں ایک دعویٰ بھارتی کرکٹ بورڈ کے نائب صدر راجیو شکلا کی جانب سے سامنے آیا ہے جس میں ان کا کہنا تھا کہ بھارتی ٹیم ایک صورت ہی چیمپیئنز ٹرافی کھیلنے پاکستان جا سکتی ہے جب تک کہ حکومت انہیں اس بات کی اجازت دے۔
یاد رہے کہ آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی اگلے برس فروری میں پاکستان میں شیڈول ہے جس کے حوالے سے ابتدائی ڈرافٹ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو بھیجا جا چکا ہے جبکہ آئی سی سی کی ٹیم پاکستان میں سکیورٹی صورتحال کا بھی جائزہ لے چکی ہے۔
مزید پڑھیں:پاکستان بڑے آئی سی سی ایونٹ کی میزبانی کو تیار
چیمپیئنز ٹرافی کے لیے پاکستان نے لاہور راولپنڈی اور کراچی کے تین وینیوز کو فائنل کیا ہے۔ پی سی بی نے انڈین ٹیم کے تمام میچز کو لاہور میں ہی رکھا ہے۔ اس کے پیچھے مقصد مہمان ٹیم کی سیکیورٹی اور نقل و حرکت میں آسانی بنانا ہے۔ کرکٹ بورڈ کا یہ بھی کہنا ہے کہ لاہور میں میچز کی وجہ سے بھارت سے آنے والے شائقین کو براستہ واہگہ بارڈر کے راستے باسانی رسائی دی جا سکتی ہے ۔
پاکستان نے اس سے قبل گزشتہ سال 2023 میں بھی ایشیا کپ کی میزبانی کی تاہم پاکستان اور انڈیا کے درمیان کھیلے جانے والے میچز سری لنکا میں کھیلے گئے۔ بھارتی ٹیم آخری بار 2008 میں ایشیا کپ کھیلنے پاکستان آئی تھی اس کے بعد دونوں ممالک میں کشیدگی کی وجہ سے 2012 -13 میں دونوں ملک آخری بار باہمی سیریز کیلئے اکھٹے ہوئے تھے۔ اس کے بعد سے کرکٹ ایسی سیاست کی نظر ہوئی کہ شائقین باہمی سیریز کو ترس گئے لیکن ممکن نہ ہوسکی۔
2 Comments