مہارانی لکشمی میڈیکل کالج آگ

ہسپتال میں‌آگ لگنے سے 10 نوزائیدہ بچے جاں‌بحق، درجنوں‌زخمی

پڑوسی ملک بھارت کے صوبہ اتر پردیش کے مہارانی لکشمی بائی میڈیکل کالج کے نوزائیدہ بچوں کے انتہائی نگہداشت یونٹ (NICU) میں جمعہ کی رات دیر گئے لگنے والی آگ میں کم از کم 10 نوزائیدہ بچے جلنے اور دم گھٹنے کے باعث افسوسناک طور پر جاں بحق ہوگئے۔ کئی زخمی بچوں کی حالت بھی تشویشناک بتائی جارہی ہے ۔ آگ لگنے کی وجہ خراب آکسیجن مشین قرار دی جارہی ہے ۔
ہفتہ کی صبح‌ہسپتال کا دورہ کرنے والے نائب وزیر اعلیٰ برجیش پاٹھک نے اطلاع دی کہ وارڈ میں 18 بستروں کی گنجائش سے زیادہ 49 بچے موجود تھے۔ انہوں نے بتایا کہ سات جاں بحق ہونے والے بچوں کی شناخت ہو چکی ہے، جبکہ باقی تین کی شناخت اور ان کے اہل خانہ کو اطلاع دینے کی کوششیں جاری ہیں۔
آگ سے زخمی ہونے والے 17 دیگر بچوں کا اسپتال کے ایمرجنسی وارڈ اور نجی سہولیات میں علاج جاری ہے، جن میں سے سات نوزائیدہ بچے نجی ہسپتال میں داخل کئے گئے ہیں ۔

مزید پڑھیں:‌نشتر ہسپتال ملتان، طبی عملے کی غفلت سے 30 مریض ایڈزکا شکار

ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل پولیس (کانپور زون) الوک سنگھ نے کہا کہ حادثے کے وقت NICU میں 47 بچے موجود تھے، جن میں سے 37 کو بچا لیا گیا۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے اس افسوسناک واقعے پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے اسے دل دہلا دینے والا واقعہ قرار دیا. ان کا کہنا تھا کہ جھانسی میڈیکل کالج، اتر پردیش میں آگ کا حادثہ انتہائی افسوسناک ہے۔ جنہوں نے اپنے معصوم بچوں کو کھو دیا، ان سے میری گہری تعزیت ہے۔ خدا سے دعا ہے کہ وہ انہیں اس بڑے نقصان کو برداشت کرنے کی طاقت دے۔ ریاستی حکومت کی نگرانی میں مقامی انتظامیہ امداد اور بچاؤ کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔
دوسری جانب واقعہ کی کئی ویڈیوز بھی سامنے آ گئی ہیں جس میں رقت آمیز اور دل دہلا دینے والے مناظر ہیں۔ ویڈیوز میں‌ہسپتال کے وارڈ میں‌تباہی کے ساتھ ، ریسکیو عملے کو کارروائی کرتے اور والدین کو ناقابل بیان حالت میں‌دیکھا جاسکتا ہے.

اپنا تبصرہ بھیجیں