پی ٹی آئی کی مخالفت بھی بری ؛ پی ٹی آئی کی حمایت بھی بری

مسلم لیگ کے سینئر رہنما اور مشیر وزیر اعظم برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی ایسا ٹولہ ہے جس کی مخالفت تو بری ہے ہی لیکن اسکی حمایت بھی بری ہے اور اسکا نقصان ہے۔
رانا ثناء اللہ عاصمہ شیرازی کے شو میں شریک تھے جہاں ان سے جسٹس منصور علی شاہ کے متعلق سوال کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے لوگوں نے تقریباً 4 ماہ پہلے ہی بات شروع کی کہ بس اکتوبر کا انتظار کریں ۔ ہماری بات ہوگئی ہے اور سید منصور علی شاہ نے کہا ہے کہ میں آتے ہی ان کا دھڑن تختہ کر دوں گا۔
رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ یہ بات غلط تھی اور منصور علی شاہ ایسے جج نہیں ہیں۔ انہوں نے کبھی ایسی بات نہیں کی ہوگی۔ لیکن پی ٹی آئی نے اس بات کو اس انداز میں کیا تو سوشل میڈیا پر اس کی کہانیاں بنتی ہیں۔
رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ میں منصور علی شاہ کو جانتا ہوں وہ لاہور ہارئیکورٹ میں چیف جسٹس تھے اور میں اس وقت وزیر قانون تھا۔ میری ان سے ملاقات ہوتی رہتی ۔
مزید پڑھیں:جسٹس یحییٰ آفریدی نے عہدہ قبول کرنے سے انکار کیوں نہ کیا
مشیر وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ فیصلوں میں آدمی اپنی رائے قائم کرسکتا ہے لیکن وہ آزاد جج ہیں ، وہ کبھی ایسی بات نہیں کرسکتے۔ لیکن پی ٹی آئی نے یہ بات کر دی۔ اس کے بعد وہ فیصلہ (مخصوص نشستوں کا کیس) آگیا اور اس سے سب کڑیاں جڑنا شروع ہو گئیں۔
اس پر اینکر نے ان سے سوال کیا کہ کہ آپ کا خیال ہے کہ پی ٹی آئی نے جسٹس منصور علی شاہ کو متنازع بنایا ہے تو اس پر رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ جی بالکل۔
یاد رہے کہ ایسی باتیں نہ صرف پاکستان تحریک انصاف بلکہ کئی صحافیوں جن میں صدیق جان بھی شامل ہیں کی جانب سے بارہا کہی جاتی رہی ہیں۔