فہد مصطفیٰ

فہد مصطفیٰ برطانوی پارلیمنٹ سے دو ایوراڈ لے اڑے

فہد مصطفیٰ کو برطانوی پارلیمنٹ نے دو اہم اعزازات سے نواز دیا جس میں ڈائیورسٹی اینڈ کلچرل امپیکٹ ایوارڈ اور گلوبل کلچرل یونٹی ایوارڈشامل ہیں۔
اداکار نے انسٹاگرام پر یہ خبر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ یہ اعزاز صرف ان کا نہیں بلکہ ہر اس پاکستانی فنکار، خواب دیکھنے والے، اور کہانی سنانے والے کا ہے جو بڑے خواب دیکھتے ہیں اور سرحدوں کو عبور کرنے کی جرات کرتے ہیں۔
فہد مصطفیٰ نے مزید کہا کہ بطور قابل فخر پاکستانی، میں گہری عاجزی اور خوشی کے ساتھ ڈائیورسٹی اینڈ کلچرل امپیکٹ ایوارڈ اور گلوبل کلچرل یونٹی ایوارڈ کو قبول کرتا ہوں۔ ہر بار جب میں یہاں اپنے وطن کی نمائندگی کرتے ہوئے کھڑا ہوتا ہوں، مجھے پاکستان اور اس کے لوگوں کی حیرت انگیز قوت، خوبصورتی، اور صلاحیت یاد آتی ہے۔
انہوں نے ممبر پارلیمنٹ ناز شاہ، لارڈ واجد خان، اور ملٹی کلچرل یو کے کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے یہ اعزازات دیے اور ان کے لیے یہ شام یادگار بنائی۔

یہ تقریب ملٹی کلچرل یو کے نے منعقد کی تھی، اور اس تنظیم کی ڈائریکٹر شینزہ راجہ نے بتایا کہ فہد مصطفیٰ کو ان کی ریکارڈ توڑ کامیابیوں، خاص طور پر ان کے حالیہ ٹیلی ویژن شو “کبھی میں کبھی تم” کے لیے اعزاز دیا گیا، جس نے دنیا بھر میں ایک ارب سے زیادہ ویوز حاصل کیے۔

مزید پڑھیں:‌ماہرہ خان کیلئے برطانوی پارلیمنٹ کا خصوصی ایوارڈ

شینزہ راجہ کا مزید کہنا تھا کہ فہد مصطفیٰ کی دنیا بھر میں ناظرین کو مسحور کرنے کی صلاحیت نے انہیں ہالی ووڈ کے مشہور اداکاروں جیسے رائن رینالڈز اور ادریس البا سے تشبیہ دی ہے، جو ان کی کرشماتی شخصیت، ہمہ جہتی صلاحیتوں، اور عالمی کشش کو ظاہر کرتی ہے۔
یہ تقریب ثقافتی ہم آہنگی، کہانی سنانے، اور جنوبی ایشیائی ٹیلنٹ کے ذریعے کمیونٹیز کو قریب لانے کے اثرات کا جشن ہے۔ فہد مصطفیٰ کی خدمات ہمیں عالمی سطح پر نمائندگی کی طاقت کی یاد دلاتی ہیں۔
گزشتہ ماہ، معروف اداکارہ ماہرہ خان کو بھی برطانوی پارلیمنٹ نے عالمی سینما میں ان کی شاندار خدمات اور ثقافتی سفیر کے طور پر ان کے کردار کے اعتراف میں اعزاز سے نوازا تھا۔ یہ تقریب ایوانِ کامنز میں ممبر پارلیمنٹ افضال خان کی میزبانی میں ہوئی اور اس میں مختلف سیاسی جماعتوں کے پارلیمنٹری اراکین نے شرکت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں