
پنجاب کے ضلع فیصل آباد میں ڈلیوری بوائز کی جان اور مال خطرہ میں پڑ چکا ہے کیونکہ پیزا ڈکیت گروہ ایک بار پھر سرگرم ہو چکا ہے۔ یہ ڈکیت گروپ گن پوائنٹ پر ڈلیوری بوائے سے پیزا ہتھیا لیتے اور اسی دوران ایک نوجوان قتل بھی ہو چکا ہے۔
ایسے کئی واقعات رپورٹ ہونے اور ایک شخص کی جان جانے کے باوجود بھی پولیس اب تک کسی مجرم کو پکڑنے میں ناکام ہے۔
پیزا ڈکیتی کی ان وارداتوں نے ڈلیوری بوائز کیلئے پریشانی بنارکھی ہے کیونکہ اگر وہ یہ کام چھوڑتے ہیں تو بھوک سے مرتے ہیں، جاری رکھتے ہیں تو ڈکیتی کے دوران مرتے ہیں۔
یوں لگتا ہے جیسے یہ گروہ موسمی بھی ہے کیونکہ گزشتہ سال بھی ان مہینوں کے دوران پیزا ڈکیتی کے کئی واقعات رپورٹ ہوئے۔ اسی دوران 24 دسمبر 2023 کو فیصل آباد کے علاقے منصور آباد کے رہائشی ایک نوجوان پیزا ڈکیتی میں مزاحمت پر قتل کر دیئے گئے تھے۔
میڈٰیا رپورٹس کے مطابق رواں سال 23 اکتوبر اور یکم نومبر کو پیزا ڈکیتی کی شکایات موصول ہو چکی ہیں جو معاملےکی سنگینی کی طرف اشارہ کرتی ہیں کیونکہ اس پیشے سے غریب گھرانوں کا رزق جڑا ہے اور بعض اوقات گھر کا واحد کفیل ہی پیزا ڈلیوری بوائے ہوتا ہے جس کی موت پورے گھر کیلئے آفت بن سکتی ہے۔
مزید پڑھیں: مظفر گڑھ؛ گوگل لائیو لوکیشن نے خاتون نرس کو ریپ سے بچالیا
کئی بار ان سیریل پیزا ڈکیتوں کا نشانہ بننے والے ایک نوجوان پیزا ڈلیوری بوائے نے نجی نیوز گروپ کو بتایا کہ انپیزا ڈکیت گروہ کا طریقہ واردات یہ ہے کہ کسی بڑے برانڈ یا کمپنی کو آرڈر دے دیتے ہیں اور جب ڈلیوری بوائے آرڈر لے کر مطلوبہ پتے پر پہنچتا ہے تو گن پوائنٹ پر پیزا لوٹ لیا جاتا ہے۔
مزاحمت کا مطلب جان سے ہاتھ دھونا ہوتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ پیسوں کے نقصان کو قبول کرتے ہوئے رائیڈرز پیزا دے دیتے ہیں۔ لیکن یہ پیزا ان کی دن بھر کی روزی روٹی سے کہیں زیادہ کا ہوتا ہے۔