
سینیٹر فیصل واڈا نے پی ٹی آئی اراکین اسمبلی کو خبردار کیا ہے کہ ہائیکورٹ کے منع کرنے کے باوجود اسلام آباد آنے والی ایم این ایز کو توہین عدالت میں سیٹ کھونا پڑے گی۔ انہوں نے ساتھ مزید سخت کارروائی کی دھمکی بھی تھی۔
اپنے بیان میں فیصل واڈا کا کہنا تھا کہ بی بی کے خطرناک بیان کے بعد جیسے میں نے کہا تھا کہ خان صاحب کی سیاسی قبر اپنے ہی کھودیں گے بالکل ویسا ہی ہوا۔ ہائیکورٹ کے منع کرنے کے حکم کے باوجود اگر کوئی 24 کو اسلام آباد آتا ہے تو توہین عدالت کے تحت ایم این اے ایم پی اے کی سیٹ ہی نہیں کھونی پڑے گی بلکہ حکومت دھوبی گھاٹ کی طرح دھونے کیلئے تیار کھڑی ہے۔ ہاوس اریسٹ۔ اریسٹ یا پھر مچھ جیل والی بات نہ بھولئے گا۔ جن کی رہائی ہوئی ان کی گرفتاری بھی ہو سکتی ہے۔ پھر گلہ نہ کرنا۔
مزید پڑھیں:ابھی میرے پاس عمران خان کو رہا کرنے کی پاور نہیں، محسن نقوی
اس سے قبل وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم کے تناظر میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان سے رابطہ کیا اور انہیں اسلام آباد ہائیکورٹ کے بیان سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ عدالتی حکم کے پابند ہیں ، کسی جلسے یا دھرنے کی اجازت ممکن نہیں۔
وزیر داخلہ نے چیئرمین پی ٹی آئی کو بیلا روس کے صدر کی آمد کے پیش نظر بھی مصروفیات سے آگاہ کیا جس کے بعد بیرسٹر گوہر نے انہیں پارٹی سے مشاورت کے بعد حتمی رائے سے آگاہ کرنے کا کہا۔
تاہم اب موصول ہونے والے سیاسی کمیٹی کے اعلامیے میں واضح کر دیا گیا ہے کہ احتجاج کی کال واپس نہیں لی جائے گی۔
دوسری جانب احتجاج کے پیش نظر اسلام آباد کے داخلی اور خارجی راستوں کوکنٹینر لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔ تاہم ملک کے مختلف مقامات نے اسلام آباد کی طرف مارچ شروع کر دیا ہے۔