آج کے دور میں شادی کی تقریبات میں عجیب و غریب واقعات کا ہونا کوئی نئی بات نہیں ہے۔ ایک ایسا ہی حیران کن واقعہ بھارت کی ریاست اترپردیش سے سامنے آیا ہے جہاں ایک دولہا اپنی بارات کسی گھوڑے یا گاڑی پر نہیں بلکہ ایک بلڈوزر پر لے کر پہنچا۔ اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہے اور لوگ اس پر خوب تبصرے بھی کر رہے ہیں۔
ویڈیو میں دیکھا گیا کہ دولہا اور دلہن بلڈوزر کے اگلے حصے پر بیٹھے ہوئے ہیں۔ پورے بلڈوزر کو پھولوں سے سجایا ہوا تھا اور ارد گرد ڈھول بجانے والے بھی موجود تھے۔ دولہا اور دلہن کی خوشی کا کوئی ٹھکانا نہیں تھا اور وہ دونوں بہت خوش نظر آرہےتھے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر اس ویڈیو کو بہت سراہا گیا ہے اور صارفین نے مختلف انداز میں اس پر تبصرے کیے ہیں۔ کچھ لوگوں نے دولہا کی اس انوکھے انداز میں بارات لے جانے کی تعریف کی ہے جبکہ کچھ نے اسے مزاحیہ قرار دیا ہے۔ ایک صارف نے لکھا، “یہ سب سے منفرد بارات ہے جو میں نے اب تک دیکھی ہے۔”
مزید پڑھیں:کیا آپ نے نیلے رنگ کی بریانی کھائی ہے؟
اس سے قبل بھی بھارت میں شادی کی تقریبات میں ایسی منفرد حرکتیں دیکھنے کو مل چکی ہیں ،پہلے بھی ایک دلہن کی ویڈیو خوب وائرل ہوئی تھی جس میں وہ موٹر سائیکل چلا کر شادی ہال میں پہنچ گئی تھی، جبکہ ایک اور ویڈیو میں دولہا اور دلہن کے درمیان لڑائی کا منظر بھی دیکھا گیا تھا۔
ایسے دلچسپ واقعات نہ صرف شادی کی تقریبات کو یادگار بناتے ہیں بلکہ وہ لوگوں کے دلوں میں ہمیشہ کے لیے جگہ بنا لیتے ہیں اور لوگ انہیں ہمیشہ یاد رکھتےہیں۔ بھارت میں شادی کی تقریبات ہمیشہ رنگارنگ اور جوش و خروش سے بھرپور ہوتی ہیں، اور اس بلڈوزر بارات نے اس جوش و خروش کو ایک اور نیا رنگ دے دیا ہے۔