درختوں کو بھی پینشن ملنے لگی

سرکاری ملازمین کو ریٹائرمنٹ کے بعد پینشن ملتی ہے یہ بات تو سب نے سنی ہوگی لیکن کیا آپ یہ بات جانتے ہیں کہ درختوں کو بھی پینشن ملتی ہے، جی ہاں بھارت کی ریاست ہریانہ کی حکومت نے حال ہی میں ایک ایسی منفرد اسکیم متعارف کروائی ہے، جسے ‘پران وایو دیوتا پنشن’ کا نام دیا گیا ہے۔ اس اسکیم کے تحت، 75 سال یا اس سے زیادہ عمر کے درختوں کے مالکان کو سالانہ 2500 بھارتی روپے فراہم کیے جاتے ہیں تاکہ وہ ان درختوں کی حفاظت اور دیکھ بھال کر سکیں۔
اس اسکیم کا بنیادی مقصد ان درختوں کی حفاظت کرنا ہے جو ماحول کو بہتر بنانے میں اپنا اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ یہ درخت نہ صرف انسانوں کو جینے کے لیے آکسیجن فراہم کرتے ہیں بلکہ فضا سے کاربن ڈائی آکسائیڈ جذب کرکے ماحول کو صاف اور صحت مند بنانے میں مددگار بھی ثابت ہوتے ہیں ۔
ہریانہ حکومت نے ابتدائی طور پر اس اسکیم کو پانچ سال کی مدت کے لیے شروع کیا ہے، اور اس میں تقریباً 3810 درختوں کی نشاندہی کی گئی ہے جن کے مالکان کو آن لائن سسٹم کے ذریعے رقم فراہم کی جا رہی ہے۔ یہ رقم دینے کا اصل مقصد صرف درختوں کی دیکھ بھال اور ان کی حفاظت کرنے کے لیے ہیں۔
مزید پڑھیں:امریکی خاتون نے 300 روپے کے جعلی زیورات کتنے کروڑ میں خرید لیے
اس اسکیم میں شامل ہونے کے لیے کچھ بنیادی شرائط ہیں۔ جیسے مردہ، خشک، بیمار، کھوکھلے یا گرے ہوئے درخت اس اسکیم کا حصہ نہیں بن سکتے۔ اس کے علاوہ، جنگلات کی زمین پر لگے درخت بھی اس اسکیم میں شامل نہیں ہوسکتے۔
پران وایو دیوتا پنشن اسکیم میں شامل ہونے کے لیے، درخت کے مالک کو اپنے ضلع کے محکمہ جنگلات کے دفتر میں درخواست جمع کروانی ہوگی ، اس کے بعد ایک کمیٹی درخت کا جائزہ لیگی اور اگر درخت اسکیم کی شرائط پر پورا اترتا ہے تو اس صورت میں مالک کو پینشن کی رقم فراہم کی جائیگی۔
ایسے درختوں کی نشاندہی کے لیے ہریانہ حکومت نے ایک کمیٹی بھی بنائی ہے جو ہر طریقے سے جائزہ لے کر درختوں کو اسکیم میں شامل کرنے کا فیصلہ کرتی ہے۔ اس اسکیم کے تحت نہ صرف درختوں کا تحفظ ہو رہا ہے بلکہ ماحول کو بہتر بنانے میں بھی بہت مدد مل رہی ہے۔