پی ٹی آئی کے آزاد امیدوار کس پارٹی میں شامل ہونے جارہے؟

پاکستان تحریک انصاف بطور پارٹی انتخابات میں حصہ نہیں لے رہی اور تمام امیدوار آزاد حیثیت سے الیکشن کے میدان میں ہیں۔ ایسے میں سب کی نگاہیں الیکشن کے بعد کی صورتحال پر ہیں جب یہ آزاد امیدوار جیت کر حکومت سازی میں اپنا حصہ ڈالیں گے۔
ویسے تو بلاول بھٹو زرداری بھی ان آزاد امیدواروں پر نظر رکھے بیٹھے ہیں اور انکا وزن خود ساختہ طور پر اپنے پلڑے میں ڈال کر وزیر اعظم بنے بیٹھے ہیں۔ تاہم جیل میں بیٹھے عمران خان کسی طور بلاول سے ہاتھ ملانے کو تیار نہیں۔
تحریک انصاف انتخابات کے بعد کی صورتحال پر مکمل نظر رکھے ہوئے ہے اور اسے اس بات کا ادارک ہے کہ انتخابات کے بعد وفاداریاں تبدیل کرائی جائیں گے۔ اس لیئے امیدواروں سے حلف بھی لیئے جا رہے ہیں۔
کیا تحریک انصاف کے آزاد امیدوار الیکشن کے بعد پارٹی میں شامل ہو سکتے ہیں؟ ممکنہ طور پراس بات پر قانونی بحران پیدا ہو سکتا ہے جس سے بات عدالت میں جائے گی اور اس دوران حکومت بننے کا عمل مکمل ہو جائے گا۔ اس صورتحال سے نمٹنے اور الیکشن کے بعد 9 مئی کے واقعات کے پیش نظر پارٹی پر پابندی لگنے کے پیش نظر پاکستان تحریک انصاف نے کمر کس لی ہے۔
ممکنہ طور پر پی ٹی آئی کے آزاد امیدوار کسی اور اتحادی جماعت میں شامل ہوںگے جس کے بعد حکومت سازی کا عمل ہوگا۔ اس میں پاکستان تحریک انصاف کے پاس چند آپشن میں جمعیت علمائے اسلام شیرانی گروپ، مجلس وحدت المسلمین اور شیخ رشید کی عوامی مسلم لیگ ہیں۔
مزید پڑھیں:کیا لندن میں جسٹس اطہر من اللہ سے پی ٹی آئی کارکن نے بدتمیزی کی؟
شیخ رشید کے ساتھ تعلقات خراب ہونے اور اپنا امیدوار ان کے مدمقابل کھڑا کرنے کے بعد یہ آپشن پی ٹی آئی کے ہاتھ سے جاتا نظر آتا ہے۔ اسی طرف جمعیت علمائے اسلام شیرانی گروپ بھی کچھ خاص طاقتور نام نہیں رکھتا۔ ایسے میں مجلس وحدت المسلمین وہ واحد آپشن ہے جس پر تحریک انصاف بہت غور کر رہی ہے۔
اس سلسلے میں آج مجلس وحدت المسلمین کے علامہ ناصر عباس آج عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کریں گے۔ صحافی ثاقب بشیر کے مطابق 5 اگست کے بعد پی ٹی آئی کے علاوہ کوئی اور سیاسی یا مذہبی رہنما کی عمران خان سے یہ پہلی ملاقات ہوگی۔
علامہ ناصر عباس کو جیل حکام سے ملاقات کی اجازت نہیں ملی تھی جس کے بعد انہوں نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا اور اجازت حاصل کی۔ ممکنہ طور پر آج الیکشن کے بعد پی ٹی آئی کے آزاد امیدواروں کی مجلس وحدت المسلمین میں شمولیت کے امکانات پیدا ہونگے۔
ممکنہ طور پر آج کی ملاقات میں کچھ ایسا بھی ہو سکتا پے https://t.co/cs6JnKdIdP
— Saqib Bashir (@saqibbashir156) February 6, 2024
ایک ٹویٹر صارف نے علامہ ناصر عباس کی ملاقات کی خبر پر ثاقب بشیر سے اس متعلق سوال کیا کہ جیتنے والے پی ٹی آئی کے آزاد امیدوار کیا مجلس وحدت المسلمین میں شامل ہو جائیں گے؟ تو صحافی ثاقب بشیر کا کہنا تھا کہ ممکنہ طور پر آج کی ملاقات میں کچھ ایسا ہوسکتا ہے۔