انٹرٹینمنٹاہم خبریںدنیا

کیری آن جٹا کے مشہور کامیڈین جسوندر سنگھ بھلا چل بسے

جسوندر سنگھ بھلا کی عمر 65 سال تھی اور وہ انڈین پنجاب یونیورسٹی کے ایگریکلچر ڈیپارٹمنٹ کے پروفیسر بھی تھے۔

پنجاب کی فلم انڈسٹری کو آج صبح ایک افسوسناک صورتحال  کا سامنا کرنا پڑا جب یہ خبر سامنے آئی کہ مشہور بھارتی مزاحیہ اداکار جسوندر سنگھ بھلا چل بسے ہیں۔

65 سالہ اداکار کو برین سٹروک کی وجہ سے موہالی کے فورٹریس ہسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں انہیں طبعی امداد دی جارہی تھی۔ تاہم وہ جانبز نہ ہوسکے اور جمعہ کی  صبح انتقال کر گئے۔

ان کی آخری رسومات ہفتہ 23 اگست کو موہالی میں ادا کی جائیں گی جہاں ان کی اہلخانہ، ساتھی اداکار اور ان گنت مداح انہیں خراج تحسین پیش کرنے کیلئے حاضر ہوں گے۔

 

جسوندر سنگھ بھلا ؛ ابتدائی زندگی اور تعلیمی کیرئیر:

 

جسوندر سنگھ بھلا 1960 میں بھارتیہ پنجاب کے شہر لدھیانہ میں پیدا ہوئے۔

انہوں نے اپنی تعلیم پنجاب اگریکلچرل یونیورسٹی سے جاری رکھی جہاں انہوں نے بی ایس سی ، ایم سی سی کے بعد اگریکلچرل ایکسٹینشن یعنی کہ زراعت توسیع میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔

آج دنیا ایک فنکار کے طور پر یاد رکھتی ہے لیکن یہ ان کے کردار کا ایک روپ ہے۔ جسوندر سنگھ بھلا ایک استاد بھی تھے۔

وہ پنجاب اگریکلچرل یونیورسٹی میں ایکسٹیشن ایجوکیشن کے پہلے پروفیسر اور بعدازاں ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ کے طور پر فرائض سر انجام دیتے رہے۔

وہ 2020 میں اپنی مدت ملازمت مکمل کر کے پنجاب اگریکلچرل یونیورسٹی کے عہدے سے تو سبگدوش ہو گئے لیکن یونیورسٹی کے ساتھ ان کا ناطہ جڑا رہا۔

وہ ایک ایگریکلچرل ایکسپرٹ تھے اور وہ دیہی پنجاب کے کسانوں میں آگاہی پھیلانے اور ان کے مسائل کے ماہرانہ حل پیش کرنے کی وجہ سے بھی مشہور تھے۔

 

مزید پڑھیں: دنیا کے سب سے مہربان جج فرینک کیپریو چل بسے

 

جسوندر بھلا کا فلمی کیرئیر:

 

جسوندر سنگھ بھلا نے بڑی سکرین پر کام کرنے سے پہلے صرف آواز کی دنیا سے شائقین کی بڑی تعداد کو محظوظ کیا۔ انہوں نے اپنا سفر 1975 میں آل انڈیا ریڈیو پر پرفارمنس سے شروع کیا۔

انہوں نے کئی مزاحیہ آڈیو سیریز بھی کیں اور کئی ایسے کردار بھی اپنائے جو آج بھی ان کے مداح نہیں بھول پائے ہیں۔

آواز کی دنیا سے فلم کی بڑی سکرین پر انہوں نے  90 کی دہائی میں کام کرنا شروع کیا ور پھر سینما سکرین پر پنجابی فلموں کے سب سے زیادہ پسند کئے جانے والے اداکار بن گئے۔

اس کے بعد انہوں نے دو دہائی تک بھارتیہ پنجاب کی فلم انڈسٹری پر راج کیا۔

یوں تو جسوندر سنگھ نے اپنا فلمی کیرئیر کا ڈیبیو دھلا بھٹی  ( Dulla Bhatti) سے کیا لیکن  انہوں نے کیری آن جٹا (Carry on Jatta) سیریز سے جو شہرت پائی وہ انہیں امر کر گئی۔

وہ یہاں ایڈوکیٹ ڈھلوں کے کردار میں ایسا ڈھلے کہ ان کے کئی مشہور ڈائیلاگ آج بھی زبان زد عام ہیں۔

ان کے چندہ شہرہ آفاق ڈائیلاگ بھی تھے جیسا کہ "ڈھلوں نے کالا کوٹ ایوں نئیں پایا” اور” گندی اولاد مزہ نہ سواد”۔

اس کے علاوہ جٹ اینڈ جولیٹ فلم سیریز، سردار جی فلم سیریز اور مسٹر اینڈ مسز 420 جیسی فلمز سے مداحوں کو مسحور کیا۔

 

سوشل میڈیا پر خراج تحسین جاری:

 

فلم انڈسٹری، ساتھی اداکاروں اور پرستاروں کی جانب سے سوشل میڈیا پر جسوندر سنگھ بھلا کو خراج تحسین پیش کئے جانے کا سلسلہ جاری ہے۔

ان کا بطور یونیورسٹی پروفیسر کردار ہو یا پنجابی زبان پر مبنی فلم کا کام، دونوں کا کوئی ثانی نہیں ہے۔

ان کی پنجابی زبان کے کام نے سرحد عبور کر کے دونوں اطراف کے مداحوں کو مسحور کیا۔

اگرچہ وہ فلم انڈسٹری اور پرستاروں کو سوگ میں چھوڑ گئے ، لیکن ان کا کام برسوں ان کے پرستاروں کو ہنساتا رہے گا۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button