
بنی گالہ سب جیل میں قید بشریٰ بی بی کے حوالے سے تشویشناک خبر سامنے آئی ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ سابق خاتون اول کی جان کو خطرہ ہے۔ بشریٰ بی بی کی بہن مریم ریاض وٹو کا بیان سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے بنی گالہ سب جیل میں بشریٰ بی بی کی جان کو خطرہ ہونے کا انکشاف کیا ہے۔
مریم ریاض کا کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی کو ایک کمرے تک محدود رکھا گیا ہے، جہاں سے انہیں کھڑکی تک کھولنے کی اجازت نہیں دی جاتی۔ کھڑکی کے اطراف میں اس طرح بند کیا گیا ہے کہ دن میں بھی وہاں روشنی نہیں آتی۔
سابق خاتون اول کی بہن کا مزید کہنا تھا کہ بنی گالہ بہت بڑا ایریا ہے جہاں پر سیکورٹی کا مناسب انتظام نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پرسنل سیکورٹی کو بھی بنی گالہ سے نکال دیا گیا ہے۔اپنی بہن کی جان کو خطرہ ہونے کا اظہار کرتے ہوئے مریم ریاض کا کہنا تھا کہ بنی گالہ سب جیل میں بشریٰ بی بی کو خاتون پولیس اہلکار بھی میسر نہیں اور تمام مرد اہلکار سیکورٹی پر نہ صرف مامور ہیں بلکہ وہ اس گھر کے اندر ہی رہ رہے ہیں۔
مزید پڑھیں: کیا دھاندلی والے حلقوںسے پی ٹی آئی کو ریلیف مل پائے گا؟
خاندان سے ملاقات کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ ایک ہی فرد کو گرفتاری کے بعد تقریباً 7 منٹ تک بات کرنے کی اجازت دی گئی اور اس دوران بھی وہاں پولیس اہلکار موجود تھے جس سے کچھ خاص معلومات حاصل نہ ہو سکیں۔ تاہم بشریٰ بی بی نے اڈیالہ جیل میں پیشی کے دوران ذکر کیا کہ انہیں خفیہ ذرائع سے رابطہ کر کے پریشان کیا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ توشہ خانہ کیس میں سزا کے بعد بشریٰ بی بی خود گرفتاری دینے اڈیالہ جیل پہنچی تھیں تاہم اسی شب انہیں واپس بنی گالہ شفٹ کر دیا گیا۔ ان کی بنی گالہ شفٹ ہونے کی خبر سے عمران خان لاعلم تھے جبکہ بشریٰ بی بی کو خود بھی اس بات کا علم نہ تھا کہ انہیں کہاں لے جایا جارہا ہے۔
اڈیالہ جیل سے بنی گالہ سب جیل شفٹ ہونے کے بعد بشریٰ بی بی کی جان کو خطرہ ہونے کے پیش نظر سابق خاتون اول نے اڈیالہ جیل منتقل ہونے کیلئے عدالت میں درخواست دائر کر رکھی ہے۔ یاد رہے کہ انہیں بنی گالہ شفٹ کرنے پر مخالف سیاسی جماعتوں نے بیانیہ بنایا تھا کہ انہیں ریلیف دیا جارہا ہے، تاہم اب اس ریلیف کی قلعی مکمل طور پر کھل گئی ہے۔
One Comment