شیخ حماد مصطفی المدنی القادری

برمنگھم میں”دی مرسی” کانفرنس کا انعقاد، نبی کریم ﷺ کی حیاتِ طیبہ سے ایثار کا پیغام

10 نومبر 2024 کو منہاج القرآن انٹرنیشنل یوکے کے زیر اہتمام “دی مرسی کانفرنس” کا انعقاد برمنگھم کے آسٹن ولاء فٹبال کلب میں کیا گیا۔کانفرنس سے معروف سکالر اور محقق شیخ حماد مصطفی المدنی القادری نے مرکزی خطاب کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں اسلام کی روحانی اور اخلاقی تعلیمات پر روشنی ڈالی اور حاضرین کو پیغمبر اسلام ﷺ کی سیرت سے رہنمائی حاصل کرنے کی تلقین کی۔
پروگرام میں قاری مخائل مالا، میلاد رضا قادری، اور اسماعیل حسین نے نعت خوانی کی، جبکہ منہاج القرآنی کے نعت خواں گروپ “منہاج المندشیدین” نے روح پرور نعتوں کے ذریعے سماء باندھ دیا۔
بِرمنگھم میں منعقدہ دی مرسی کانفرنس میں شیخ حماد مصطفی المدنی القادری نے اپنے خصوصی خطاب میں نبی کریم ﷺ کی حیاتِ طیبہ کے اصولوں پر روشنی ڈالی۔

شیخ حماد مصطفی نے اپنے خطاب میں رسول اکرم ﷺ کے کردار کو مثالی سخاوت، اخلاقی برتری اور رحمت کا منبع قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ نبی کریم ﷺ نے اپنی زندگی میں ہمیشہ خود سے زیادہ دوسروں کی فلاح و بہبود کو ترجیح دی۔ رسول اکرم ﷺ کی زندگی کے مختلف واقعات بیان کرتے ہوئے شیخ نے کہا کہ کس طرح نبی ﷺ نے ایک بار 90,000 درہم کی خطیر رقم بغیر کسی ہچکچاہٹ کے تقسیم کر دی۔

مزید پڑھیں:‌کسی کو معاف کرنے کا کیا مطلب ہے؟

شیخ حماد نے کانفرنس کے شرکاء کو بتایا کہ مدینہ کے انصار نے مکہ سے ہجرت کر کے آنے والے مہاجرین کو بغیر کسی جھجک کے اپنی املاک اور گھر فراہم کیے۔ انہوں نے اپنی دولت کا 50 فیصد حصہ مہاجرین کے ساتھ بانٹا۔ یہ عمل اسلامی معاشرت کے عظیم اصولوں کی نشاندہی کرتا ہے۔
شیخ حماد مصطفی نے اپنے خطاب کے آخر میں امت مسلمہ کو تاکید کی کہ وہ نبی کریم ﷺ کے اسوہ کو اپنائیں اور سخاوت و ایثار کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں مسلمانوں کو اپنی برادری کے لئے وقت، ہمدردی اور تعاون کو فروغ دینا چاہیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں