ڈاکٹر عفان قیصر جو کبھی اپنی ویڈیوز میں سموسے کا پوسٹ مارٹم کرتے نظر آتے ہیں تو کبھی تربوز کو ٹیکہ لگا کر کیسے لال کیا جاتا ہے جیسے انکشافات کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ وہ اپنے مریضوں کے ساتھ بھی گفتگو کی ویڈیوز اکثر شیئر کرتے ںظر آتے ہیں۔
وہ سب سے زیادہ وجہ توجہ تب بنے جب انہوں نے کھانے کی چیزوں کا پوسٹ مارٹم شروع کیا۔ انہوں نے تربوز کو انجکشن لگانے کی ویڈیو پر تنقید کے ساتھ قانونی کارروائی کا بھی سامنا کیا۔ سوشل میڈیا پر انہیں اکثر تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
لیکن اب ڈاکٹر عفان قیصر نے کچھ عرصے سے ایسا مواد شیئر کرنا شروع کیا ہے جو ہر کسی کے دل کو بھاتا ہے۔ ایسی حکمت بھری باتیں ہر کوئی شیئر بھی کرتا ہے اور ڈاکٹر صاحب خوب داد بھی سیمٹتے ہیں۔
ایسی ہی ایک پوسٹ انہوں نے چند روز قبل شیئر کی جس کو انہوں نے عنوان دیا کہ برکت صرف پیسوں کی کثرت میں نہیں ہوتی۔
ڈاکٹر صاحب لکھتے ہیں کہ کہ برکت صرف پیسوں کی کثرت میں نہیں ہوتی۔ برکات یہ بھی ہیں کہ ایک مہینہ، دو یا تین ماہ گزر جائیں اور تمہیں ڈاکٹر کے پاس جانے کی ضرورت نہ پڑے، کیونکہ اللہ نے تمہاری صحت میں برکت دی ہو۔
مزید پڑھیں:کسی کو معاف کرنے کا کیا مطلب ہے؟
برکت یہ ہے کہ موسم، دو یا تین بدل جائیں اور تمہیں نیا لباس لینے کی ضرورت نہ پڑے کیونکہ تمہارا جسم ویسا ہی رہے اور اللہ نے تمہارے لباس اور جسمانی حالت میں برکت رکھی ہو، کہ نہ لباس پھٹے اور نہ خراب ہو۔
برکت یہ ہے کہ تم تھوڑا کھانا کھاؤ اور سیر ہو جاؤ۔
برکت یہ ہے کہ تم کوئی نئی بات سیکھو اور فوراً سمجھ جاؤ، بغیر کسی کی مدد کے۔
برکت یہ ہے کہ تم ایسی جگہ جاؤ جہاں رش ہو اور تاخیر کا اندیشہ ہو، لیکن اللہ تمہارے معاملات آسان کر دے، بغیر تمہاری کوشش کے۔
برکت یہ ہے کہ تم جہاں بھی جاؤ، لوگ تم سے محبت کریں، بغیر کسی اضافی محنت کے۔
برکت بے شمار چیزوں میں ہوتی ہے جنہیں گنا نہیں جا سکتا، مگر ہم خود ہی اپنی سوچ کو محدود کر لیتے ہیں۔
آخر میں دعا دیتے ہوئے ڈاکٹر صاحب لکھتے ہیں کہ یا اللہ پاک عزوجل! جو تُو نے ہمیں عطا کیا ہے، اس میں برکت و رحمت عطا فرما۔
آمین ثم آمین یا رب العالمین ۔