پاکستانی کرکٹ ٹیم کے اوپنر امام الحق نے اپنے ساتھی اور سابق کپتان بابر اعظم کے حق میں انسٹاگرام پر ایک پوسٹ شیئر کی، جو دیکھتے ہی دیکھتے پورے سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔ یہ پوسٹ ان مداحوں کے لیے تھی جو کھلاڑیوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہیں۔
بابر اعظم آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز میں اپنی بہترین کارکردگی دکھانے میں ناکام ہوگئے اس دوران، کچھ شائقین نے ان پر میدان میں شدید تنقید کی۔تفصیلات کے مطابق ایک ویڈیو میں یہ صاف دیکھا جا سکتا ہے کہ شائقین بابر پر آوازے کس رہے ہیں اور کہہ رہے ہیں ،”اوئے اوئے، کوئی شرم کر لے، تیری ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں جگہ نہیں بنتی، واپس لاہور چلا جا۔”
یہ بات واضح رہے کہ اس بدتمیزی کے باوجود بھی بابر اعظم نے ان باتوں کو صبر و تحمل کے ساتھ سنا اور کوئی جواب نہیں دیا۔ ان کی یہ خاموشی کئی مداحوں کو متاثر کر گئی، لیکن کچھ شائقین نے اس موقع پر بھی مسلسل تنقید جاری رکھی۔
مزید پڑھیں:کیا بابر کو ریٹائرمنٹ لے لینی چاہیے؟
امام الحق نے یہی ویڈیو اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ “ہم بحیثیت قوم ناکام ہو چکے ہیں۔ سپورٹ کرنے کے بجائے مذاق اڑایا جاتا ہے۔ بابر، آپ اب بھی چیمپئن ہیں۔”
امام الحق کی یہ اسٹوری پورے سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی اور مداحوں نے امام کے اس بیان کو بھرپور سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کو میدان میں سپورٹ کرنے کی ضرورت ہوتی ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب وہ دباؤ کا شکار ہوں مگر ہم انہیں اپنی تنقید کا نشانہ بنا رہے ہوتے ہیں جو افسوس کی بات ہے ۔
واضح رہے کہ پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف 22 سال بعد ون ڈے سیریز جیت کر ایک تاریخی کامیابی حاصل کی، لیکن بدقسمتی سے ٹی ٹوئنٹی سیریز میں وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا.