چیمپئنز ٹرافی سے قبل پاکستان پر نیا وار ناکام، انڈین کرکٹ بورڈ کا سافٹ ویئر اپڈیٹ

15 میچوں پر مشتمل آٹھ ٹیموں کا چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ 19 فروری سے 9 مارچ تک دبئی اور پاکستان کے تین مقامات کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔ میزبان پاکستان کا مقابلہ نیوزی لینڈ سے 19 فروری کو کراچی میں ہوگا، جب کہ روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے درمیان بلاک بسٹر ٹاکرا 23 فروری کو دبئی میں شیڈول ہے۔
آئی سی سی ایونٹس میں شرکت کرنے والی ٹیموں کے لیے یہ رواج ہے کہ وہ ٹورنامنٹ کے بیج کے حصے کے طور پر میزبان ملک کا نام اپنی کرکٹ کٹ پر لگاتے ہیں، چاہے ایونٹ کہیں اور منعقد ہو۔
انڈیا کی چیمپئنز ٹرافی کے رنگ میں بھنگ ڈالنے کی کوشش:
میڈیا پر ایسی خبریں زیر گردش تھیں جس میں دعویٰ کیا جارہا تھا کہ انڈین کرکٹ بورڈ میزبان ملک پاکستان کا لوگو اپنی کرکٹ کٹ پر پرنٹ کرنے سے کترا رہا ہے اور ممکن ہے کہ انڈین پلیئرز کی جرسیوں پر پاکستان کا نام کندہ ہوا نہ ہو۔
ایسی خبریں آنے کے بعد ایک بار پھر انڈین کرکٹ بورڈ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا کیونکہ انڈین بورڈ کرکٹ کی ایک اور خوبصورت روایت کو صرف پاکستان کے بغض میں توڑنے جا رہا تھا۔
اختلافات کے باوجود پاکستان ہمیشہ سپورٹس مین سپرٹ کا مظاہرہ کرتا آیا ہے اور کبھی ایسی کوشش نہیں کی۔ مثال کے طور پر، متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں دوبارہ شیڈول ٹورنامنٹ ہونے کے باوجود، پاکستان کی 2021 کی ٹی 20 ورلڈ کپ کی کٹ پر انڈیا کا نام دکھایا گیا تھا۔اسی طرح، جب پاکستان نے 2016 کے ٹی 20 ورلڈ کپ اور 2023 کے ون ڈے ورلڈ کپ کے دوران بھارت میں کھیلا تو ٹورنامنٹ کے لوگو میں بھارت کا نام شامل تھا۔
مزید پڑھیں:ہائبرڈ ماڈل چیمپئنز ٹرافی کھیلنے کا انڈیا کو کیا فائدہ ہوگا؟
یہ خبر سامنے آنے کے بعد پاکستان پرامید تھا کہ آئی سی سی اپنا اثر و رسوخ استعمال کرے گا ۔ لیکن اب اس بارے وضاحت سامنے آئی ہے جس میں لگتا ہے کہ انڈین کرکٹ ٹیم کا سافٹ ویئر اپڈیٹ کر دیا گیا ہے۔
بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکرٹری دیوجیت سیکیا نے تصدیق کی ہے کہ وہ آئی سی سی کے کرکٹ یونیفارم سے متعلق تمام قوانین کی پابندی کرے گا اور یوں انڈیا اگر آئی سی کی آفیشل لوگو پر عمل پیرا ہو گا تو اسے پاکستان کے نام والی جرسی ہی پہننا ہو گی۔