چیٹ بوٹس

آرٹیفیشل انٹیلی جنس چیٹ بوٹس صارفین کیلئے خطرناک

اسلام آباد: آرٹیفیشل انٹیلی جنس چیٹ بوٹس کے ذریعے سائبر حملوں کے بڑھتے خطرے کو مد نظر رکھتے ہوئے نیشنل کمپیوٹرایمرجنسی رسپانس ٹیم نے ایڈوائزری جاری کردی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق ایڈوائزری کے ذریعے صارفین کو آگاہ کرنے کی کوشش کی ہے تاکہ کسی بھی بڑے نقصان سے بچا جاسکے ۔
ایڈوائزری میں بتایا گیا ہے کہ چیٹ بوٹس، جیسے چیٹ جی پی ٹی، کو آج کل پیشہ ورانہ اور ذاتی کاموں میں روزمرہ کی بنیاد پر استعمال کیا جا رہا ہے، مگر یہ بات واضح رہے کہ یہ اہم اور دیگر معلومات کو اسٹور کر سکتے ہیں۔ ان چیٹ بوٹس کے ذریعے حساس معلومات، جیسا کہ کاروباری حکمت عملی یا ذاتی گفتگو، لیک ہونے کا خطرہ رہتا ہےجو کہ سنگین نتائج کا سبب بن سکتا ہے۔
سائبر کرمنلز جدید تکنیکوں کا استعمال کرتے ہوئے ان چیٹ بوٹس کو فشنگ حملوں کے لیے استعمال کرنا شروع کردیا ہے ۔ یہ حملے صارفین کو دھوکہ دے کر ان سے خفیہ معلومات حاصل کرنے کی بھرپور کوشش کرتے ہیں۔ ان خطرات سے بچنے کے لیے صارفین کو چاہیئے کہ وہ محتاط رہیں۔

مزید پڑھیں:خبردار، پہلے رجسٹریشن کرائیں پھر وی پی این چلائیں

نیشنل کمپیوٹر ایمرجنسی رسپانس ٹیم کی جانب سے صارفین کو یہ بھی تجویز دی گئی ہے کہ وہ اے آئی چیٹ بوٹس کے ساتھ حساس معلومات شیئر کرنے سے گریز کریں اور ساتھ ہی، چیٹ بوٹس کے دوران “چیٹ سیونگ فیچرز” کو غیر فعال رکھیں تاکہ کسی بھی غیر ضروری ڈیٹا کے اسٹور ہونے سے بچا جا سکے۔
علاوہ ازیں، سائبر خطرات کے اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے ایک مضبوط اور محفوظ فریم ورک بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا ہے تاکہ صارفین کے ڈیٹا کو محفوظ رکھا جا سکے۔صارفین کو بھی اس بات کا خیال رکھنا چاہیئے کہ کوئی بھی ٹیکنالوجی کی سہولتوں سے فائدہ اٹھاتے وقت احتیاط بڑتے تاکہ آپ کی ذاتی معلومات محفوظ رہ سکیں.

اپنا تبصرہ بھیجیں