آرمی جوانوں نے آر او دفاتر کا کنٹرول سنبھال لیا

ملک بھر میں الیکشن نتائج کی ہیرا پھیری کا سلسلہ جاری ہے۔ الیکشن کیلئے پولنگ کا عمل ختم ہونے کے 24 گھنٹے بعد تک مکمل نتائج نہیں دیئے جا سکے۔ نتائج بدلنے کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جس میں اب شدت آتی جا رہی ہے۔
رات گئے 50 ہزار سے زائد لیڈ سے جیتنے والے امیدوار صبح ہوتے ہی اتنی لیڈ سے ہارنے لگ گئے۔ تحریک انصاف کے حمایت یافتہ امیدواروں میں سلمان اکرم راجہ، بیرسٹر شیعب شاہین، عامر مغل، ریحانہ ڈار، ڈاکٹر یاسمین راشد سمیت کئی بڑے نام بڑی سبقت سے جیتنے کے بعد اچانک ہرا دیئے گئے۔
ملک کے مختلف شہروں میں پی ٹی آئی امیدواران اور ہزاروں ووٹرز آر او دفاتر کے باہر احتجاج کرتے نظر آئے۔ فارم 45 پر جیتنے والے پی ٹی آئی کے کئی امیدوار جب مکمل نتائج کے حصول کیلئے آر او آفس گئے تو انہیں اندر نہیں جانے دیا گیا۔ جس پر احتجاج جاری رہا، تاہم کچھ دیر بعد جب نتائج سامنے آئے تو 50، 50 ہزار کی لیڈ سے جیتنے والے امیدوار بری طرح ہارنے لگ گئے۔
ملک میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے پی ٹی آئی امیدواروں کو ہراساں کرنا تو معمول بن چکا تھا۔ تاہم ایک ایسی ویڈیو سامنے آئی جس نے پاکستانی عوام کے رونگٹے کھڑے کر دیئے۔

مزید پڑھیں :‌ نواز شریف خدا کے واسطے دینے لگے

ملکی تاریخ میں پہلے بار آرمی جوان کھل کرسامنے آگئے اور آر او آفس کا کنٹرول سنبھال لیا۔ انٹرنیٹ پر گردش کرتی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ آرمی جوان زبردستی آر او آفس میں داخل ہو رہے ہیں اور وہاں موجود پی ٹی آئی کے نمائندوں کو زبردستی نکال رہی ہے۔ ویڈیو سے محسوس ہوتا ہے جیسے آرمی جوانوں نے آر او دفاتر کا کنٹرول سنبھال لیا ہو۔

ٹویٹر اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر عوام اس ویڈیو پر شدید غم و غصے کا اظہار کر رہے ہیں۔ صحافی زبیر علی خان نے لکھا کہ یہ وردی اس قوم کا مان اور فخر ہے اس کی تذلیل یوں مت کیجئے، اپنی انا کی تسکین اور گھناؤنے منصوبوں کے لیے اس وردی کو مت استعمال کریں، عوام کے دلوں میں آپ مزید نفرتیں ڈال رہے ہیں، تاریخ سے کچھ سیکھیے۔
دوسری جانب نتائج کو بدلے جانے اور پی ٹی آئی کے مینڈیٹ کو تسلیم نہ کرنے پر عوام الیکشن کو 1971 سے تشبیہ دیتے ہوئے مؤقف اپنا رہے ہیں کہ عوامی مینڈیٹ کو تسلیم نہ کیا گیا تو ملک خانہ جنگی کو جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں