آئی فون 16 کے حوالے سے بہت سی افواہیں پھیل رہی ہیں۔ستمبر کا مہینہ قریب آتے ہی آئی فون کے شوقین صارفین کی بھی انتظار کی گھڑیاں ختم ہونے کو ہیں۔ ہر سال کی طرح اس سال بھی ایپل کے نئے آئی فون ماڈلز کی ریلیز کے حوالے سے صارفین بے حد تجسس میں ہیں۔ حالیہ رپورٹس کے مطابق یہ بات سامنے آئی ہے کہ اس بار ایپل صارفین کے لیے چار سالوں میں پہلی بار آئی فون 16 پرو ماڈلز میں بڑی تبدیلیاں لانے جا رہا ہے۔
افواہوں کے مطابق، آئی فون 16 پرو میکس میں ایک بڑا ڈسپلے دیکھا جاسکتا ہے جس کا سائزآئی فون 15 پرو میکس سے بھی زیادہ بڑا ہوگا۔ موجودہ آئی فون 15 پرو میکس کا ڈسپلے 6.7 انچ کا ہے جبکہ آئی فون 16 پرو میکس کا ڈسپلے 6.9 انچ تک ہوسکتا ہے یعنی آئی فون 16 پرو میں بھی بڑا ڈسپلے ہونے کا امکان ہے۔
اور صرف ڈسپلے کا سائز ہی نہیں بلکہ ایپل کے ڈیزائن میں بھی تبدیلی کی خبریں زور پکڑ رہی ہیں۔ کچھ روز پہلے ایک تصویر لیک ہوئی تھی جس میں آئی فون 16 پرو میکس اور آئی فون 15 پرو میکس کو ساتھ دکھایا گیا تھا، جس سے یہ بالکل واضح ہوگیا کہ آئی فون 16 پرو میکس آئی فون 15 پرو میکس کے مقابلے میں سائز میں بڑا ہوگا۔
مزید پڑھیں: یوٹیوب نے کاپی رائٹ سے متعلق نیا فیچر متعارف کروا دیا
فی الحال ایپل کی جانب سے ابھی تک اس بات کا باقاعدہ کوئی اعلان نہیں کیا گیا ہے، لیکن افواہوں اور لیکس کی بنا پر صارفین کی توقعات بڑھتی جا رہی ہیں۔ ایپل کے شوقین صارفین ہر سال کمپنی سے کچھ نیا اور منفرد دیکھنے کی امید رکھتے ہیں اور اس بار بھی یہی امیدیں کی جارہی ہیں۔
تاہم، ستمبر میں آنے والی نئی ریلیز کے ساتھ ہی یہ راز بھی فاش ہو جائے گا کہ ایپل نے اس بار اپنے صارفین کے لیے کیا نئی تبدیلیاں پیش کی ہیں، لیکن ابھی تک کی رپورٹس کے مطابق، یہ کہنا غلط نہیں ہوگا کہ آئی فون 16 پرو ماڈلز میں کچھ بڑی تبدیلیاں دیکھنے کو ضرور ملیں گی۔