آئمہ بیگ کے شوہر زین احمد کون ہیں؟
انسٹا گرام پر ایک پوسٹ میں اپنی شادی کی تصاویر پوسٹ کرتے ہوئے آئمہ بیگ نے لکھا کہ " کل رات ایک بہترین دوست کے ساتھ شادی ہوئی

پاکستان کی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری پر ایک خبر راج کررہی ہے اور وہ یہ کہ مشہور گلوکارہ آئمہ بیگ نے مشہور فیشن ڈیزائنر اور "راستہ” برانڈ کے بانی زین احمد سے شادی کر لی ہے۔
اداکارہ نے یہ اعلان کسی بڑی تقریب نہیں بلکہ سرپرائز طور پر ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں کیا۔
انسٹا گرام پر ایک پوسٹ میں اپنی شادی کی تصاویر پوسٹ کرتے ہوئے آئمہ بیگ نے لکھا کہ ” کل رات ایک بہترین دوست کے ساتھ شادی ہوئی الحمد اللہ۔ یہ ابھی بھی ایک خواب محسوس ہوتا ہے لیکن یہ حقیقت میں ہوا۔ ہم ایک ساتھ زندگی کا نیا باب شروع کرنے جارہے ہیں، ہمیں دعاؤں میں یاد رکھیئے گا۔”
اس موقع پر گلوکارہ نے مداحوں کیلئے بھی پیغام چھوڑا جس میں انہوں نے لکھا کہ ” ہم اپنی سولو تصاویر جلد اپلوڈ کریں گے، اس وقت بہت زیادہ مصروف ہوں لیکن ان شاء اللہ جلد۔”
ان کی شادی کی خبر جلد ہی سوشل میڈیا، پاکستانی میڈیا اور بین الاقوامی میڈیا کی زینت بن گیا۔
اس خبر کے سامنے آنے کے بعد ہی گوگل اور دیگر پلیٹ فارمز پر ایک دلچسپ رحجان دیکھا گیا ہے کہ لوگ آئمہ بیگ کی شادی سے زیادہ ان کے ہمسفر زین احمد میں دلچسپی لے رہے ہیں۔
آئیے صارفین کا یہ تجسس ختم کرتے ہوئے جاننے کی کوشش کرتے ہیں کہ آئمہ بیگ کےہمسفر زین احمد کون ہیں؟
آئمہ بیگ کے شوہر زین احمد کون ہیں؟
سال 2018 میں پاکستان کے فیشن سیکٹر میں ایک بڑا اضافہ دیکھنے کو ملا جب زین احمد نامی نوجوان نے ایک سٹریٹ ویئر برانڈ راستہ ( Rastah) کی بنیاد رکھی ۔
جلد ہی اس برانڈ نے نہ صرف پاکستان بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی اپنا لوہا منوانا شروع کردیا کیونکہ یہ ایک خاص مقصد کے تحت وجود میں آیا تھا۔
یہ مقصد تھا جنوبی ایشیاء کے ہنر اور ثقافت کو نئے انداز سے دیکھنا اور دنیا بھر میں میڈ ان پاکستان کو ایک نئی جہت سے متعارف کرانا۔
روایتی ہنر مندی اور قدیم پاکستانی ورثے کو جدید انداز میں پیش کرنے پر جلد ہی راستہ دنیا بھر کی فیشن انڈسٹری میں اپنا راستہ بنانے لگا۔ نفیس خطاطی، ہاتھ سے بنے ہوئے اور ہاتھ سے کڑھائی کئے ہوئے یہ منفرد اسٹریٹ ویئر نے جلد ہی راستہ کو بین الاقوامی سطح پر ایک منفرد شناخت دی۔
بین الاقوامی سطح پر اس برانڈ کی پذیرائی کا عمل اس وقت شروع ہوا جب فوربز 30 انڈر 30 (Fobers 30 Under 30 ) میں اسے سراہا گیا۔
اس برانڈ نے اس وقت ایک تاریخ رقم کی جب یہ لندن فیشن ویک میں شامل ہونے والا پہلا پاکستانی برانڈ بنا ۔ اس کے بعد مشہور بین الاقوامی ستاروں نے بھی اس برانڈ پذیرائی بخشی۔
یہ برانڈ اس وقت ایک بڑی خبر بنا جب مشہور گلوکار جسٹن بیبر نے اس برانڈ کو چنا اور ایک بار پھر یہ خبر بنا جب بھارتی اداکار انیل کپور نے بھی ایک اہم ایونٹ پر "راستہ ” برانڈ کو اپنے لئے چنا۔
ان تمام ایونٹس کے بعد فیشن کی دنیا میں اب زین احمد کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جانے لگا ہے۔
مزید پڑھیں: ڈرامہ سیریل پرورش کی امل، اداکارہ ریحام رفیق کی اصل عمر کیا ہے؟
آئمہ بیگ کے کیرئیر پر مختصر نظر:
گلوکارہ آئمہ بیگ نے یونیورسٹی آف لاہور سے فلم اینڈ ٹیلی ویژن میں بیچلر کی ڈگری حاصل کی اور ان کی پہلی وجہ شہرت گلوکاری نہیں بلکہ بطور کو ہوسٹ ایک پروگرام سے ہوئی۔
وہ نجی نیوز چینل پر پروگرام مذاق رات میں 2015 میں بطور کو ہوسٹ شامل ہوئیں اور اس دوران وہ اپنی موسیقی کا جادو بھی جگاتی رہیں۔
اس کے بعد اچانک انہوں نے فلمز میں پلے بیک گانوں سے اپنے گلوکاری کا کیرئیر شروع کیا اور آج ان کی وجہ شہرت گلوکاری ہے۔
فلم لاہور سے آگے کا گانا "کلا باز” دل ان کیلئے ہٹ ثابت ہوا اور انہیں لکس سٹائل ایوارڈ تک لے گیا۔
اس وقت وہ موسیقی کی دنیا میں پاکستان سمیت دنیا بھر میں ایک الگ مقام رکھتی ہیں۔
آئمہ بیگ اور زین کے رومانوی سفر کی داستان:
آئمہ بیگ اور زین احمد کے درمیان رومانوی تعلق کی خبریں گزشتہ سال سامنے آنے لگیں جب انہیں ایک ساتھ دیکھا جانے لگا۔
اس کے بعد جیسا کہ قیاس آرائیوں کا سلسلہ شروع ہوتا ہے وہ شروع ہوا اور مداح یہ جاننے کیلئے بے چین رہے کہ آخر دونوں میں چل کیا رہا ہے۔
اس دوران ایک خاص لمحہ اس وقت دیکھنے کو ملا جب آئمہ کی جانب سے ایک انسٹا گرام سٹوری لگائی گئی جس میں دونوں کو ایک ساتھ دیکھا گیا۔
اس سٹوری میں انہیں نہ صرف ایک ساتھ دیکھا گیا بلکہ دیکھا گیا کہ دونوں نے اپنے گلے میں ایک جیسی چین پہن رکھی تھیں۔ اس کے ساتھ آئمہ بیگ نے اس سٹوری میں چند ایسے ایموجیز بھی شامل کئے جس نے مداحوں کو اشارہ دیا کہ دال میں کچھ کالا ضرور ہے۔
ان تمام تر چہ مگوئیوں نے گزشتہ روز بالاآخر حقیقت کا روپ دھار لیا جب آئمہ بیگ نے اپنے انسٹاگرام سے رشتہ ازدواج سے منسلک ہونے کی خبر بریک کی۔