گندم امدادی قیمت

اب گندم ، کپاس ، گنے کی قیمتیں بھی آئی ایم ایف طے کرے گا

پاکستان میں اب گندم ، کپاس اور گنے کی قیمتیں بھی آئی ایم ایف طے کرے گا۔ معیشت پر گہری نظر رکھنے والے صحافی شہباز رانا کے مطابق پاکستان کی وفاقی اور صوبائی حکومتوں پر ایک بڑی شرط عائد کی ہے، جس کے تحت انہیں تمام اجناس بشمول گندم اور گنے کی امدادی قیمتیں مقرر کرنے سے روکا گیا ہے۔
یہ شرط عالمی قرض دہندہ کی طرف سے صوبائی حکومتوں پر عائد کردہ تقریباً ایک درجن پابندیوں کا حصہ ہے، جس کا مقصد لاپروائی سے خرچ کرنے کو کم کرنا اور ان کی سبسڈی فراہم کرنے کے اختیارات کو محدود کرنا ہے۔
زراعت سے متعلق یہ شرط براہ راست تین نقد آور فصلوں – گنا، گندم اور کپاس پر اثر انداز ہوگی۔ اس کے علاوہ، درآمد شدہ کھاد کی قیمتوں میں اضافہ ہوگا کیونکہ سبسڈی والی شرحوں پر اس کی فروخت پر پابندی ہے۔
ذرائع کے مطابق، آئی ایم ایف نے 7 بلین ڈالر کے بیل آؤٹ پیکیج میں ایک شرط شامل کی ہے جس کے تحت وفاقی حکومت اور چاروں صوبوں کو ان کی قیمت مقرر کرنے کی میکانزم کو ختم کرنا ہوگا۔ پانچوں حکومتوں کو اس شرط کو اس خریف کے موسم سے نافذ کرنا ہوگا اور جون 2026 تک اس کام کو مکمل کرنا ہوگا۔

مزید پڑھیں: کیا یوٹیلٹی سٹورز مکمل طور پر بند ہورہے ہیں

فی الحال، وفاقی اور صوبائی حکومتیں گندم، گنا، کپاس اور کھاد کی قیمتیں مقرر کرتی ہیں۔ آئی ایم ایف کی شرط کا اطلاق کھاد جیسی تیار اشیاء اور گندم، گنا اور کپاس جیسی خام اشیاء دونوں پر ہوگا۔
پنجاب حکومت نے پہلے ہی کسانوں سے گندم خریدنا بند کر دی ہے، جس سے گندم اور گندم کے آٹے کی قیمتوں میں 40 فیصد کمی واقع ہوئی ہے اور پچھلے مہینے مجموعی افراط زر کی شرح کو ایک ہندسہ تک کم کیا گیا ہے۔
پنجاب حکومت کے دو مہینے کی بجلی سبسڈی دینے کے فیصلے کی وجہ سے، آئی ایم ایف نے تمام صوبوں پر ایک شرط عائد کر دی ہے کہ وہ اپنے قرض پروگرام کی 37 ماہ کی مدت کے دوران بجلی اور گیس پر کوئی سبسڈی نہیں دیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں