پاکستانی خلاباز محمد ذیشان علی کے ساتھ صرف پاکستان کا پرچم ہی خلا میں نہیں پہنچا بلکہ پاکستانی دسترخوان کے مشہور ذائقے بھی زمین کی حدود سے باہر پہنچ گئے ہیں۔ اب چین کے تیانگونگ خلائی اسٹیشن پر بیف نہاری، قورمہ، مصالحے دار چنے اور بٹر چکن بھی کھانوں کے مینیو کا حصہ ہیں۔
چین کے سرکاری نشریاتی ادارے CGTN کے مطابق پاکستانی خلاباز کے لیے 100 سے زائد اقسام کے حلال کھانوں کا خصوصی انتظام کیا گیا ہے، تاکہ خلا میں بھی انہیں اپنے وطن کے مانوس ذائقے میسر آ سکیں۔
خلائی دسترخوان پر کون سے پاکستانی پکوان؟
چینی سائنس دانوں نے پاکستانی کھانوں پر تحقیق بھی کی
دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ کھانے محض عام پاکستانی پکوان نہیں، بلکہ انہیں خصوصی طور پر خلائی ماحول کے مطابق تیار کیا گیا ہے۔
چین کے خلائی تحقیقی مرکز کے ماہرین نے پاکستانی غذائی ثقافت، مصالحوں، غذائی ضروریات اور حلال خوراک کے اصولوں کا مطالعہ کیا۔ متعدد تجربات کے بعد 7 خصوصی پاکستانی طرز کے خلائی پکوان تیار کیے گئے۔
کھانوں کی تیاری سے لے کر پیکنگ تک حلال خوراک کے تقاضوں کا خیال رکھا گیا۔
خلا میں بھی پاکستانی کھانوں کی دعوت
خلائی اسٹیشن پر کھانے کے ماحول کی نمائندہ تصویر۔چینی خلائی اسٹیشن پر 6 خلابازوں کے لیے خصوصی مشترکہ عشائیے کا بھی انتظام کیا گیا ہے، جس کے مینیو میں پاکستانی اور چینی دونوں طرح کے ذائقوں کو شامل کیا گیا ہے۔
یوں چینی خلابازوں کو بھی خلا میں پاکستانی پکوانوں سے لطف اندوز ہونے کا موقع ملے گا۔
ذیشان علی کی چائے سے متعلق دلچسپ فرمائش
چینی ماہرین نے ابتدا میں ذیشان علی کے لیے پاکستانی طرز کی دودھ اور مصالحوں والی چائے کا انتظام کرنے کا منصوبہ بنایا تھا، لیکن چین میں تربیت کے دوران انہیں چینی چائے اور چاول پسند آگئے۔ انہوں نے اپنے خلائی مینیو میں ان کی مقدار بڑھانے کی فرمائش بھی کی۔
ایک تاریخی سفر، پاکستانی ثقافت کے ساتھ
محمد ذیشان علی 25 نومبر 2026 کو شینژو 24 مشن کے ذریعے خلا میں پہنچے۔ وہ پاکستان کے پہلے خلاباز ہونے کے ساتھ چین کے تیانگونگ خلائی اسٹیشن میں داخل ہونے والے پہلے غیر ملکی خلاباز بھی بن گئے ہیں۔
پاکستانی کھانے پہلے ہی دنیا کے مختلف ممالک میں اپنی منفرد پہچان رکھتے ہیں، لیکن اب ان کی کہانی زمین تک محدود نہیں رہی۔
کبھی دنیا کے مختلف شہروں میں پاکستانی نہاری اور قورمے کی دھوم ہوا کرتی تھی، اب یہ ذائقے زمین کے مدار میں بھی پہنچ چکے ہیں۔




