
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اس وقت اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔ ڈیڑھ سال سے ان کے چاہنے والوں نے ان کا چہرہ نہیں دیکھا لیکن پھر بھی ان کے مداح آئے روز ٹیکنالوجی یا مصنوعی ذہانت کا استعمال کرتے ہوئے ان کی ویڈیوز اور تصاویر خود بناتے رہتے ہیں۔
کبھی کبھی عمران خان کی جیل سے تصاویر مصنوعی ذہانت کے ذریعے بنا کر شیئر کر دی جاتی ہیں تو کبھی عمران خان کے جیل سے بھیجے گئی پیغامات (جنہیں ان کے ایکس اکاؤنٹ پر شیئر کیا جاتا ہے) کو ویڈیو شکل دے دی جاتی ہے۔
عمران خان کی نعت پڑھتے ہوئے ویڈیو وائرل:
اب کی بار بانی پی ٹی آئی کے مداحوں نے ایک قدم آگے بڑھتے ہوئے عمران خان کی آواز میں نہ صرف نعت پڑھوا ڈالی بلکہ اس کی ویڈیو بھی بنا ڈالی۔
مصنوعی ذہانت سے بے خبر سادہ لوگ اس کے اصل ہونے کا گمان کر کے شیئر بھی کرسکتے ہیں لیکن ہر کارکن کا اپنے لیڈر سے محبت کے اظہار کا طریقہ ہوتا ہے۔
اس ویڈیو کا تخلیق کار کون ہے اس بارے تو معلومات میسر نہیں ، لیکن عمران خان کی آواز اور تصویر پر مبنی نعت پڑھنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔
View this post on Instagram
عمران خان کی نعت پڑھتے ہوئے مصنوعی ذہانت پر مبنی ویڈیو میں ” ہم نے آنکھوں سے دیکھا نہیں ہے مگر، ان کے تصویر سینے میں موجود ہے” نعت پڑھی جا رہی ہے۔
کارکنان کی جانب سے عمران خان کی اس ویڈیو کو یہ جانتے ہوئے بھی کہ یہ اصل نہیں ، نہ صرف پسند کیا جارہا ہے بلکہ آگے پھیلایا بھی جارہا ہے۔
دوسری جانب ایک بار پھر عمران خان کو جیل میں عید گزرانا پڑی اور میڈیا رپورٹس کے مطابق بانی پی ٹی آئی کو نماز عید ادا کرنے کی اجازت بھی نہ دی گئی۔ حکومت کے اس عمل کو سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔