
گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ میں 10 ٹاپ طالبات میں چیک تقسیم کے ساتھ گوجرانوالہ ڈویژن کے لیے ہونہار سکالرشپ پروگرام کا آغاز کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اعلان کیا کہ 65 فیصد سے زائد نمبروں والی تمام طالبات کو لیپ ٹاپ فراہم کیے جائیں گے۔
اس اسکیم کے تحت گوجرانوالہ ڈویژن کے 1,947 طلباء کو 89.8 ملین روپے کے وظائف دیئے جائیں گے جن میں سرکاری یونیورسٹیوں کے 1,276 طلباء جو 58.5 ملین روپے وصول کر رہے ہیں، کالجوں کے 481 طلباء 13.2 ملین روپے، نجی اداروں کے 112 طلباء اور میڈیکل کالجوں کے 78 طلباء شامل ہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے اس موقع پر کہا کہ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ آئندہ سال کے بجٹ میں ہنر وظائف کی تعداد 50 ہزار تک بڑھا دی جائے۔
انہوں نے کہا کہ بچوں کو 30,000 وظائف دیے جارہے ہیں لیکن مزید ہونے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کا پیسہ ان کی فلاح و بہبود پر خرچ ہونا چاہیے۔
مزید پڑھیں:لاہور میں بائیکر لائن پراجیکٹ کا منصوبہ کیا؟
سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر سکالرشپ کی فراہمی
وزیراعلیٰ نے کہا کہ میں ان طلباء کو سلام پیش کرتی ہوں جو وسائل کی کمی کے باوجود محنت جاری رکھے ہوئے ہیں، میں اپنے بچوں کو تعلیم دینے والے والدین کی مالی مشکلات کو سمجھتی ہوں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر، کسی سفارش کے بجائے سب کو وظائف دیے جا رہے ہیں، سکالرشپ ملنے پر میرا شکریہ ادا نہ کریں، یہ آپ کا حق ہے اور آپ کی محنت کا ثمر ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہونہار سکالرشپ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا سکالرشپ پروگرام ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی آبادی کا سب سے بڑا حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے، میری سب سے بڑی ترجیح میرے نوجوان ہیں۔
لیپ ٹاپ کی جلد فراہمی کی یقین دہانی
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ آپ کی تمام ضروریات پوری کرنا میری ذمہ داری ہے، لیپ ٹاپ کی پہلی کھیپ آچکی ہے، میں خود آکر بہت جلد آپ کو دے دوں گی۔
انہوں نے خوشخبری سنائی کے 65 فیصد سے زیادہ نمبروں والے تمام بچوں کو لیپ ٹاپ ملے گا۔ وزیر اعلٰی پنجاب کا کہنا تھا کہ میں نے خود آپ کے لیے مارکیٹ میں دستیاب بہترین لیپ ٹاپ کا انتخاب کیا ہے۔