پاکستان کرکٹ ٹیم کے سٹار فاسٹ باؤلر حارث رؤف کو آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز میں شاندار پرفارمنس پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے نومبر کیلئے پلیئر آف دی منتھ قرار دے دیا۔
قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر حارث رؤف نے آسٹریلیا کے خلاف سیریز جیتنے میں اہم کردار ادا کیا تھا جہاں انہوں نے تین میچز میں دس وکٹیں حاصل کی تھیں۔
یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریلیا کو اس کی سرزمین پر 22 سال بار ون ڈے سیریز میں شکست دی تھی۔ پاکستان نے یہ سیریز 1-2 سے جیتی تھی جس میں فاسٹ باؤلر حارث رؤف کا اہم کردار تھا۔
اس سیریز میں سب سے شاندار پرفارمنس انہوں نے دوسرے ون ڈے میچ میں دی جہاں انہوں نے 8 اوورز میں 29 رنز دے کر آسٹریلیا کے 5 کھلاڑیوں کو پویلین واپس بھیجا۔ ان کی اس شاندار باؤلنگ کی بدولت آسٹریلیا کی ٹیم محض 163 رنز پر آؤٹ ہو گئی تھی جس کو پاکستان نے بعدازاں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر کے آسٹریلیا کو 9 وکٹوں سے شکست دی تھی۔
مزید پڑھیں:ساجد خان بھی قومی ٹیم کے سلیکٹرز کی نظروں سے اوجھل
بعدازاں نومبر میں کھیلی گئی آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز میں بھی حارث رؤف نے 5 وکٹیں حاصل کی تھیں جبکہ نومبر میں ہی دورہ زمبابوے میں مزید 3 وکٹیں حاصل کی تھیں ۔ یوں مجموعی طور پر انہوں نے 18 وکٹیں حاصل کیں۔
آئی سی سی نے پلیئر آف دی منتھ کیلئے بھارت کے جسپریت بمبراہ اور جنوبی افریقہ کے مارکو جانسن کو بھی نامزد کیا تھا۔ تاہم یہ قرعہ حارث رؤف کے نام نکلا۔
دوسری جانب پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان سیریز کا آغاز پاکستان کیلئے اچھا نہ رہا جہاں پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کو 11 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی۔