بنی گالہ منتقل ہونے کی آفر

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان آج عمران خان سے ملنے اڈیالہ جیل گئے۔ یہ ملاقات معمول سے ہٹ کر تھی اور اس میں ایک غیر معمولی بات یہ بھی تھی کہ اس دوران بیرسٹر گوہر کو کسی مشکل کا سامنا نہیں کرنا پڑا، وہ آئے ملے اور چلتے بنے۔
لیکن ان کی اس ملاقات نے کئی قیاس آرائیوں کو جنم دیا ہے۔ ایک تو میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے یہ بات واضح کی کہ احتجاج جاری رہے گا، اور ساتھ ہی انہوں نے مذاکرات کے ہونے کی طرف بھی اشارہ دیا۔ دوسرا ایک آفر کی بات بھی زیر گردش ہے جس میں عمران خان کو احتجاج کال آف کرنے کے عوض بنی گالہ شفٹ کرنے کا پیغام ہے۔
صحافی عیسیٰ نقوی کا کہنا ہے کہ یہ ملاقات انگیجمنٹ کے بغیر ممکن نہیں تھی اور اس کا ہونا اس طرف اشارہ ہے کہ کہیں نہ کہیں بات ہورہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے کئی سورسز سے تصدیق کے بات وہ یہ کہہ سکتے ہیں کہ رابطے ہو رہے ہیں اور رابطوں کا ایک چھوٹا چینل محسن نقوی بھی ہیں لیکن ان سے ہٹ کر بھی ملاقاتیں ہورہی ہیں جس میں رانا ثناء اللہ اور سپیکر ایاز صادق شامل ہیں۔
عیسیٰ نقوی کامزید کہنا تھا کہ ملاقاتیں اداروں کے ہائی لیول لوگوں کے ساتھ بھی ہورہی ہے اور اسی کی بنیاد پر بیرسٹر گوہر کیلئے جیل کا دروازہ کھلا اور مل کر واپس آئے۔
صحافی عیسیٰ نقوی کا کہنا تھا کہ ان کی اطلاع کے مطابق بیرسٹر گوہر عمران خان سے ملنے کے بعد اس وقت خیبرپختونخوا سے آنے والے قافلے کی طرف جارہے ہیں۔
مزید پڑھیں: پی ٹی آئی قافلے اسلام آباد کب پہنچیں گے؟
ان کا کہنا تھا کہ وہ بشریٰ بی بی اور علی امین گنڈا پور کے قافلے کے پاس جا کر عمران خان کا کوئی پیغام دینے جارہے ہیں۔ اپنا تجزیہ پیش کرتے ہوئے عیسیٰ نقوی کا کہنا تھا کہ یہ پیغام ممکنہ طور پر احتجاج کو سلو کرنے کا ہو سکتا ہے۔
عیسیٰ نقوی نے انکشاف کیا کہ شیخ وقاص اکرم نے انہیں کنفرم کیا کہ مارچ شروع ہونے سے قبل ہی پیغام دیا گیا تھا کہ احتجاج مؤخر کر دیں تو 20 دن کے اندر آپکو عمران خان اور دیگر قیدیوں کے حوالے سے پیش رفت ملے گی ۔ لیکن یہ پیغام پی ٹی آئی نے رد کر دیا۔
پی ٹی آئی رہنما شہباز گل نے بھی ایک ٹویٹ میں آفرز کی طرف اشارہ کرتے ہوئے لکھا کہ اہم سورس کی خبر کے مطابق اسٹیبلشمںٹ نے عمران خان کو بنی گالہ شفٹ کرنے اور احتجاج کال آف کرنے کا کہا۔
تاہم شہباز گل کا کہنا تھا کہ میرا تجزیہ یہ ہے کہ کوئی دھوکے میں نہ آئے۔ اسٹبلشمنٹ جھوٹ بول رہی ہے۔ جیسے ہی احتجاج کال آف ہو گا ہر وعدے سے مکر جائیں گے۔