لاہور کے بعد اب وفاقی دارالحکومت بھی سموگ کی نظر ہو گیا۔ اسلام آباد میں ایئر کوالٹی انڈیکس 268 ریکارڈ کیا گیا، جو کہ عالمی ادارہ صحت (WHO) کے فضائی معیار کے مقرر کردہ معیار سے 38.7 فیصد زیادہ ہے۔
ایئر کوالٹی انڈیکس خطرناک حد تک گرنے کے بعد ماہرین نے سانس کی بیماریوں میں مبتلا افراد کو اس خطرناک فضائی معیار کے پیش نظر احتیاطاً ماسک پہننے کی ہدایت دی ہے۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے اسموگ ایڈوائزری جاری کی ہے، جس میں پاکستان کے مختلف شہروں میں نومبر اور دسمبر کے دوران اسموگ کی بڑھتی ہوئی سطح کے بارے میں خبردار کیا گیا ہے۔
ایڈوائزری کے مطابق، لاہور، فیصل آباد، ملتان، بہاولپور، پشاور، نوشہرہ، اور مردان میں اسموگ کے اثرات نمایاں طور پر محسوس کیے جائیں گے، جن کی شدت صبح اور شام کے اوقات میں زیادہ ہوگی۔
این ڈی ایم اے نے شہریوں کو ہدایت دی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور نقصان دہ فضائی آلودگی سے بچاؤ کے لئے ماسک پہنیں۔
مزید پڑھیں:لاہور کے پرائیوٹ سکولوں کا سموگ کم کرنے کا سکول کارپول پروگرام
پنجاب میں لاہور، قصور، اوکاڑہ، سیالکوٹ، حافظ آباد اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں صبح اور شام کے اوقات میں اسموگ اور دھند کی توقع ہے۔ اسی طرح جھنگ، نارووال، اٹک، جہلم، چکوال، منگلا، گجرات، گوجرانوالہ، سرگودھا، شیخوپورہ اور فیصل آباد میں بھی یہ صورتحال متوقع ہے۔
جنوبی پنجاب میں بھی اسموگ کا امکان ہے، جو بہاولپور، بہاولنگر، ملتان، لیہ، بھکر، خانیوال، خان پور، رحیم یار خان اور ڈیرہ غازی خان کو متاثر کرے گا۔
خیبر پختونخواہ میں پشاور، نوشہرہ، مردان، صوابی، کوہاٹ، بنوں، لکی مروت اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی اسموگ اور دھند کی ایسی ہی صورتحال کا سامنا ہوگا۔ محکمہ موسمیات نے سندھ کے سکھر، لاڑکانہ، کشمور اور خیرپور کے علاقوں میں بھی دھند کے موسم کی پیشگوئی کی ہے۔
ادھر بلوچستان کے پہاڑی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں سرد موسم رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، اسلام آباد اور اس کے گردونواح میں خشک موسم رہنے کا امکان ہے جبکہ شہر میں اسموگ اور دھند چھانے کے امکانات بھی ہیں۔