چینی سائنس دانوں نے حال ہی میں یہ دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے ایک ایسا خلائی ہتھیار تیار کر لیا ہے جو دشمن سیٹلائیٹس کو نشانہ بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔ یہ انوکھا ہتھیار، سائنس فکشن فلم اسٹار وارز کی “ڈیتھ اسٹار” سے متاثر ہوکر بنایا گیا ہے، جو مائیکرو ویو شعاعوں کی مدد سے کام کرتا ہے۔ اس ہتھیار کی خصوصیت یہ ہے کہ یہ مائیکرو ویو پلسز کو انتہائی طاقتور شعاع میں بدل دیتا ہے جو ایک پورے سیارے کو تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
ساؤتھ چائنا مارننگ پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق، اس خلائی ہتھیار میں سات مائیکرو ویو فائرنگ وہیکلز شامل ہیں جو ایک بڑے رقبے میں پھیلے ہوئے ہیں۔ جب یہ وہیکلز بیک وقت ایک مخصوص ہدف پر فائر کرتے ہیں تو ان کی شعاعیں آپس میں مل کر ایک ایسی طاقتور توانائی بناتی ہیں، جو کسی بھی سیٹلائیٹ کو باآسانی تباہ کرسکتی ہے۔
مزید پڑھیں:چیٹ جی پی ٹی کا بڑا پنگا، گوگل سرچ کی اجارہ داری ختم
یہ خلائی ہتھیار کی خاص بات اس کا الٹرا-ہائی ٹائم پریسیشن سنکرونائزیشن ہے، جو اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ مائیکرو ویو پلسز ایک سیکنڈ کے 1700 کھرب حصے کے حساب سے ٹھیک ایک ہی لمحے میں ہدف کو نشانہ بنائیں۔ اس مقصد کے لیے جی پی ایس سیٹلائیٹس میں استعمال ہونے والی ایٹمی گھڑیوں سے بھی زیادہ درست وقت کی ضرورت ہوتی ہے۔ اس ہتھیار کو بنانے میں چینی سائنسدانوں کو انتہائی جدید اور پیچیدہ ٹیکنالوجی کا استعمال کرنا پڑا ہے، جسے ماضی میں بلکل ناممکن سمجھا جاتا تھا۔
ماہرین کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ اس خلائی ہتھیار کے استعمالات صرف جنگی مقاصد تک محدود نہیں بلکہ اسے تعلیمی اور تربیتی مقاصد، ٹیکنالوجی کے تجربات، اور ملٹری مشقوں کے لیے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔ یہ نیا خلائی ہتھیار اب تمام آزمائشی مراحل کو کامیابی سے پورا کر چکا ہے اور اب اس کے عملی استعمال کی تیاری کی جا رہی ہے۔