کورٹ رپورٹر ثاقب بشیر کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایم ڈی کیٹ امتحانات کے خلاف درخواستوں پر مختصر فیصلہ جاری کر دیا۔ عدالت نے حکم جاری کیا کہ اسلام آباد کی حدود کے درخواست گزاروں کے لیے ایم ڈی کیٹ امتحان دوبارہ لیں ، شہید ذوالفقار علی بھٹو یونیورسٹی ایک ماہ میں دوبارہ ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ لے ۔
جن امیدواروں نے پہلے امتحان دیا اور دوبارہ دینا چاہتے ہیں صرف ان کو اجازت ہو گی امیدواروں کو پہلا یا دوسرا رزلٹ بطورآپشن استعمال کرنے کی اجازت ہو گی۔
عدالت نے حکم نامہ میں لکھا کہ آٹھ ہزار روپے فیس پہلے ہی یونیورسٹی لے چکی اب دوبارہ سٹوڈنٹس پر بوجھ نہیں ڈالے گی ۔ جسٹس ارباب محمد طاہر نے ایک صفحے کا مختصر فیصلہ جاری کیا ۔ پی ایم ڈی سی رپورٹ کے مطابق ایم ڈی کیٹ پیپر میں سوالات آؤٹ آف سلیبس تھے۔
اس سے قبل سندھ ہائیکورٹ نے بھی میڈیکل اور دینٹل کالجز کا امتحان4 ہفتوں میں دوبارہ لینے کا حکم نامہ جاری کیا تھا۔
مزید پڑھیں:محمد شہزاد المعروف حکیم لوہا پاڑ گرفتار
یاد رہے کہ کراچی میں ایم ڈی کیٹ کا پیپر لیک ہو گیا تھا جس کی ایف آئی رپورٹ میں گزشتہ دنوں سامنے آئی تھی جس میں ایف آئی اے نے انکشاف کیا تھا کہ جس نمبر سے پرچہ لیک ہوا وہ ایک ڈاکٹر کا تھا۔
ایف آئی اے رپورٹ میں مزید انکشاف ہوا کہ مطلوبہ ڈاکٹر تھرپارکر کے رہائشی تھے جن کے موبائل سے 5 گروپس اور دو انفرادی نمبروں پر پرچہ لیک کیا گیا تھا۔
ایف آئی اے نے ڈاکٹر کے فون کو تحویل میں لے کر ڈیلیٹ ہونے والے میسج ریکور کئےجس سے سراغ لیا گیا۔ یوں سندھ ہائیکورٹ نے پیپر کمپرومائزڈ ہونے کی بنیاد پر دوبارہ ٹیسٹ لینے کی ہدایات جاری کی تھیں۔ عدالت نے ٹیسٹ سے متعلق تمام سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے مزید فیس نہ لینے کا حکم نامہ جاری کیا تھا۔
“اسلام آباد ہائیکورٹ :ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ دینے والے میڈیکل طلبہ کیلئے بڑی خوشخبری” ایک تبصرہ