ایک اننگز سے شکست ، وہی ہوا جس کا ڈر تھا

قومی کرکٹ ٹیم نے ایک بار پھر بدترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مہمان ٹیم سے ہوم گراؤنڈ پر ایک اننگز سے شکست وصول کر لی۔
152 رنز 6 کھلاڑی آؤٹ پر قومی ٹیم نے آج کھیل کا آغاز کیا تو عامر جمال سلمان علی آغا کریز پر موجود تھی۔ ان سے اچھے کھیل کی توقع کی جارہی تھی لیکن وہ بھی ریت کی دیوار ثابت ہوئے اور قومی ٹیم 220 کے مجموعی سکور پر ہی آؤٹ ہو گئی۔ یوں ایک اننگز سے شکست قومی ٹیم کا مقدر بن گئی۔
یاد رہے کہ یہ میچز ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہیں جس میں پاکستان پہلے بنگلہ دیش سے وائٹ واش کرا چکا ہے جبکہ اب انگلش ٹیم سے مار پیٹ کا سلسلہ جاری ہے۔
اس سے قبل قومی ٹیم نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو پہلی اننگز میں 556 رنز کا اچھا ہدف سیٹ کیا۔ لیکن شاید شائقین یہ بات بھول گئے کہ جس پچ پر قومی ٹیم 556 رنز بنا سکتی ہے وہاں ابھی انگلش بلے بازوں نے بھی اپنی کارکردگی کے جوہر دکھانے ہیں۔
مزید پڑھیں:ملتان ٹیسٹ، جو روٹ کے ایک اننگز میں تین ریکارڈ
اور پھر وہی ہوا جس کا ڈر تھا۔ پہلی اننگز میں ہیری بروکس کے 317 رنز اور جو روٹ کے 262 رنز کی بدولت 7 وکٹوں کے نقصان پر 823 رنز کا پہاڑ ہدف دے ڈالا۔
چوتھے دن کا ہاف ڈے اور پانچواں دن بھی باقی تھا ۔ توقع تھی کے قومی کرکٹ ٹیم انگلینڈ کا دیا گیا ہدف عبور کر کے دوسری اننگز کیلئے اچھا ٹارگٹ سیٹ کر کے میچ کو ڈرا کی طرف لے جائے گی۔
لیکن چوتھے دن کھیل کا اختتام بہت خوفناک انداز میں ہوا جب قومی ٹیم کا 152 رنز پر 6 کھلاڑی آؤٹ کروا بیٹھی۔
یوں پانچویں دن کے پہلے ہی سیشن میں قومی ٹیم کے آؤٹ ہوتے ہی انگلینڈ نےتین میچز کی سیریز میں 0-1 سے برتری حاصل کر لی۔