
آم کا موسم آتے ہی ہر طرف آموں کی بہار آ جاتی ہے۔ آم کو پھلوں کا بادشاہ کہا جاتا ہے، اور اس کی لذت اور غذائی فوائد کی وجہ سے ہر کوئی اسے بے حد پسند کرتا ہے۔ لیکن کیا آپ یہ بات جانتے ہیں کہ جتنا اس کا گودا مفید ہے اتنا ہی آم کا چھلکا بھی صحت کے لیے بہت فائدے مند ہے، اکثر لوگ آم کھانے کے بعد اس کے چھلکے کو بے کار سمجھ کر پھینک دیتے ہیں، مگر اگر وہ اس کے فوائد سے واقف ہو جائیں تو ہر گز ایسا نہ کریں۔
آم کا چھلکا وٹامن اے، سی، کے، میگنیشیم، کولین، پوٹاشیم اور اینٹی آکسیڈینٹس سے بھر پور ہوتا ہے، جو ہماری صحت کے لیے بے حد مفید ہیں۔ آم کے چھلکے میں موجود کیروٹینائیڈز اور پولی فینولز کینسر اور امراض قلب کے خطرے کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ علاوہ ازیں، آم کا چھلکا وزن کم کرنے اور بلڈ شوگر کی سطح کو کنٹرول کرنے میں بھی بہت مفید ہے۔
صرف یہی نہیں آم کا چھلکا عمر بڑھنے کی رفتار کو سست کرتا ہے اور جلد بڑھاپا آنے سے بچاتا ہے۔ یہ چھلکا مختلف بیماریوں سے تحفظ فراہم کرتا ہے اور ہماری صحت کو بہتر بنانے میں مدد کرتا ہے۔
مزید پڑھیں:خاتون نے بنائی عجیب و غریب ڈش، مٹن قیمہ کیک
آم کے چھلکے کو مختلف طریقوں سے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ سب سے آسان طریقہ تو یہ ہے کہ آم کے گودے کے ساتھ ہی اس کے چھلکے کو بھی کھایا جائے۔ لیکن اگر آپ کو یہ پسند نہیں آتا تو آپ آم کے چھلکوں کا اچار بھی بنا سکتے ہیں۔ اس کے لیے چھلکوں پر نمک اور مصالحے لگا کر انہیں دھوپ میں رکھ دیں۔ کچھ دنوں میں یہ نرم ہو جائیں گے اور آپ ان کا مزیدار اچار بنا کر کھا سکیں گے، یہ اچار نہ صرف ذائقے میں بہترین ہوگا بلکہ غذائیت سے بھی بھرپور ہوگا.اس طرح آپ آم کے چھلکوں سے بہت فائدہ اٹھا سکتے ہیں اور آپ کی صحت کے لیے بہت فائدہ مند بھی ہے، اور مختلف قسم کی بیماریوں سے آپ کو محفوظ رکھنے میں بھی مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔