عمران ریاض خان کو حج سے روکنے کیلئے حکومت کیا کر رہی ہے؟

گزشتہ دو سال سے قید و بند کی صعوبتیں برداشت کرنے والے سینئر صحافی عمران ریاض خان کی مشکلات ہیں کہ ختم ہونے کا نام نہیں لے رہیں۔ چند ماہ قبل ہی جبری گمشدگی کے بعد جب عمران ریاض سامنے آئے تو وہ بولنے سے قاصر تھے، حد درجے کمزور ہو گئے تھے اور ذہنی سطح پر بھی بری طرح متاثر ہوئے تھے۔
اس کے بعد سے آہستہ آہستہ ریکوری کے بعد اب عمران ریاض دوبارہ اپنے پیشہ ورانہ امور کی طرف واپس آرہے ہیں تو اسی دوران ایک بار پھر انہیں مقدمات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
گزشتہ ہفتے عمران ریاض حج کے سفر پر روانہ ہونے کیلئے اسلام ایئر پورٹ پہنچے تو انہیں روک دیا گیا۔ اس موقع پر انہوں نے عدالتی حکم نامہ بھی دکھایا جس کے باوجود بھی انہیں جانے سے روکا گیا۔
ان کا نام ای سی ایل پر ہونے کی وجہ سے انہیں جانے سے روکا گیا، تاہم انہوں نے اس معاملے پر اپنے وکیل اور دوست میاں علی اشفاق کے ذریعے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا۔ عدالت نے اس معاملے پر انہیں وزارت داخلہ کو یقین دہانی کرا کر جانے کی اجازت دی گئی جس پر عملدرآمد نہ ہوسکا۔
مزید پڑھیں: اظہر مشوانی کے گھر پر قیامت ٹوٹ پڑی
سینئر صحافی صدیق جان نے لکھا کہ : عمران ریاض خان صاحب، محسن نقوی کی وزارت کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ گئے کہ یہ میرے حج میں جانے میں رکاوٹ بن رہے ہیں ، عامر فاروق صاحب نے کیس اپنے سامنے لگا کر بڑی خوبصورتی سے عمران ریاض خان صاحب کو دوبارہ محسن نقوی کی وزارت کے حوالے کر دیا ، عمران بھائی نے وہ آرڈر انٹرا کورٹ اپیل میں چیلنج کردیا ہے، اب اطلاعات آ رہی ہیں کہ عمران بھائی کو کسی بوگس کیس میں گرفتار کرنے کی تیاری ہورہی ہے کہ کہیں اسلام آباد ہائیکورٹ کے دو ججز سخت حکم نہ کردیں ، کہیں عمران ریاض خان حج پر نہ چلا جائے ۔ یہ ہے ملک کی صورت حال ۔
عمران ریاض خان نے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں حج پر جانے سے روکنے کیلئے نیا کیس بنایا جارہا ہے۔ اپنے ایکس اکاؤنٹ پر انہوں نے لکھا کہ :ابھی معلوم ہوا ہے کہ ایف آئی اے سائبر کرائم کو مجھے گرفتار کرنے کے احکامات دیئے گئے ہیں مگر ابھی تک انہیں یہ سمجھ نہیں آرہی کہ کیس کیا ڈالنا ہے یا پھر نیا کیس کونسا بنایا جائے۔ میرا حج پر جانے کی نیت کرنا اور اسکے لیے قانون کا دروازہ کھٹکھٹانا ہی شاید میرا جرم ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ میرا کیس آج پھر اسلام آباد ہائی کورٹ کے 2 ججز کے پاس لگنا تھا مگر نہیں لگنے دیا گیا۔ اور وکلاء کل کا بتا رہے ہیں۔ میں نے اب پانچویں مرتبہ حج کے لیے آخری فلائیٹ بھی بک کروا لی ہے۔ انشاءاللہ پوری کوشش کروں گا۔