حسان خان نیازی

ملٹری کورٹس سے حسان نیازی سمیت مزید 60 کو سزا

ملٹری کورٹس کی جانب سے عمران خان کے بھانجے سمیت بقیہ 60 ملزمان کو بھی سزا سنا دی۔ عمران خان کے بھانجے حسان خان نیازی کو 10 سال قید بامشقت کی سزا سنائی گئی جبکہ میاں عباد فاروق کو دو سال کی سزا سنائی گئی۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کی گئی پریس ریلیز میں کہا گیا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں 9 مئی کی سزاؤں کے اعلان کے سلسلے میں فیلڈ جنرل کورٹ مارشل نے تمام شواہد کی جانچ پڑتال کے بعد، مجرموں کو تمام قانونی حقوق کی فراہمی کو یقینی بناتے ہوئے، درج ذیل باقی 60 مجرموں کو سزائیں سنائی ہیں۔
60 مجرمان کی نام کی فہرست جاری کئے جانے کے بعد پریس ریلیز میں مزید کہا گیا کہ 9 مئی کے ملزموں پر فوجی حراست میں ہونے والے مقدمے کی سماعت متعلقہ قوانین کے تحت مکمل ہوئی ہے۔تمام مجرموں کے پاس اپیل کا حق اور دیگر قانونی ذرائع برقرار ہیں، جیسا کہ آئین اور قانون کی ضمانت دی گئی ہے۔

مزید پڑھیں:‌حسان خان نیازی کے پورے خاندان کو اجتماعی سزا

قوم، حکومت اور مسلح افواج انصاف کو برقرار رکھنے اور ریاست کی ناقابل تسخیر رٹ کو برقرار رکھنے کے اپنے عزم پر ثابت قدم ہیں۔
یاد رہے کہ 9 مئی کے کل 105 ملزمان ملٹری حراست میں تھے جن میں سے 20 ملزمان کو اپریل میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی جانب سے سزا معافی کے بعد رہا کر دیا گیا تھا۔
بعدازاں ملٹری کورٹس نے گزشتہ دنوں 21 دسمبر کو مزید 25 ملزمان کو قید کی سزا سنائی تھی۔ اور اب بقیہ 60 ملزمان جن میں عمران خان کے بھانجے حسان نیازی اور پی ٹی آئی رہنما میاں عباد فاروق بھی شامل ہیں کو سزا سنا دی گئی۔ یوں ملٹری کورٹس کے انڈر ٹرائل تمام قیدیوں کو سزا سنا دی گئی ہے۔ تمام ملزمان کے پاس ہائیکورٹس میں سزا کے خلاف اپیلیں دائر کرنے کا اختیار ہو گا جبکہ سپریم کورٹ کا آئینی بینچ بھی عدالتی چھٹیاں ختم ہونے کے بعد کیس کی سماعت کرے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں