اپنی ویڈیو کی تھمب نیل میں بڑے بڑے دعوے کر کے اور ویڈیو میں کھودا پہاڑ نکلا چوہا والا کانٹنیٹ بنانے والے یوٹیوبرز کیلئے بری خبر، یوٹیوب نے آنے والے دنوں میں کلک بیٹ کانٹینٹ کے خلاف کارروائی کرنے کا عندیہ دیا ہے۔
یوٹیوب کی پیرنٹ کمپنی گوگل نے ایسے مواد پر کریک ڈاؤن کا عندیہ دیا ہے جس میں تھمب نیل پر کیا گیا دعویٰ ویڈیو میں شیئر کئے گئے مواد سے مطابقت نہیں رکھتا۔
دی گئی مثالوں میں شامل ہے ایک ویڈیو جس کا عنوان ہو ’صدر نے استعفیٰ دے دیا‘ لیکن ویڈیو میں صدر کے استعفیٰ سے متعلق کوئی معلومات موجود نہ ہو، یا ایک تھمب نیل جس میں ’اہم سیاسی خبریں‘ کا ذکر ہو لیکن ویڈیو میں کسی خبر کی کوریج شامل نہ ہو۔
گوگل نے ایسی کارروائی بارے خاص طور پر نیوز چینلز کو خبردار کیا ہے اور اسکا نشانہ وہ ویڈیوز، بریکنگ نیوز یا حالات حاضرہ جیسے موضوعات شامل ہوں تاکہ ناظرین کو یوٹیوب پر دیکھے جانے والے مواد کے بارے میں گمراہ نہ کیا جائے۔
مزید پڑھیں:بچوںکیلئے تربیتی کانٹینٹ بنانے والے دعوت اسلامی کا چینل کڈز لینڈ
کمپنی آنے والے مہینوں میں بھارت میں اس نئے منصوبے کو آہستہ آہستہ نافذ کرے گی۔ اس نفاذ کے حصے کے طور پر، ابتدائی مرحلے میں پلیٹ فارم ان ویڈیوز کو ہٹائے گا جو اس پالیسی کی خلاف ورزی کرتی ہیں، لیکن چینل کے تخلیق کار کے خلاف کوئی اسٹرائیک جاری نہیں کی جائے گی۔
یوٹیوب کانٹینٹ بنانے والوں کو اس پالیسی سے مکمل طور پر روشناس کرانے اور ایڈجسٹ ہونے کا متعلقہ وقت فراہم کرے گا۔ تاہم ابھی تک یہ معلوم نہیں ہو پایا ہے کہ یوٹیوب ان ویڈیوز کو کیسے چنے گا۔
کلک بیٹ ویڈیوز میں دعوؤں کے برعکس کانٹنیٹ شیئر کیا جاتا ہے جس کے کئی غیر اخلاقی پہلو بھی ہیں اور سب سے بڑھ کر یہ صارفین کا قیمتی وقت ضائع کرتا ہے جس پراب یوٹیوب نے ایسے یوٹیوبرز کے خلاف کارروائی کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔