وائس چئیرین برٹش پاکستانی مئیرزایسوسی ایشن ، شیڈو کیبنٹ ممبر فار کمیونٹی پارٹنرشپس تھرک کونسل و کنزرویٹو کونسلر قیصر عباس نے تھرک (ایسکس) میں تیسری سالانہ انٹرفیتھ کانفرنس کا انعقاد سٹینفرڈ لی ہوپ مسجد میں کیا جس میں ڈپٹی لارڈ لیفٹینٹ آف ایسیکس، چیف کانسٹیبل آف ایسیکس پولیس، تھرک کونسل کے چیف ایگزیکٹو، لیڈر ، اپوزیشن لیڈر ، کونسلرز اور سابق میئر اور ڈسٹرکٹ پولیس کمانڈر سمیت تیس سے زائد مذہبی اور دیگر اداروں بشمول مساجد، مندر، گردوارہ اور چرچ کے نمائیندوں نے شرکت کی۔
اس منفرد کانفرنس میں برطانیہ کے بادشاہ چارلس نے اپنے خط کے زریعے کانفرنس کی کامیابی اور شرکاء کے لیے نیک خواہشات کا خصوصی پیغام بھیجا۔
اس موقع پر بات کرتے ہوئے تھرک مسلم سنٹر کے چئیرمین ڈاکٹر سراج علی نے کہا ہم کونسلر قیصر عباس کے مشکور ہیں جنہوں نے کانفرنس کے لئے ہمارے سنٹر کا انتخاب کیا ہے۔ ہماری مسجد اور سنٹر کو کھلے ایک سال ہوا ہے اور ہم چاہتے ہیں کی لوکل سکول اور دیگر مراکز ہمارے پاس آئیں اور ہم ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کمیونٹیز کے لئے کام کر سکیں۔
اس موقع پر آرگنائزر کونسلر قیصر عباس نے کہا کہ تھرک ایک خوبصورت اور ڈائورس علاقہ ہے۔ جب دیگر علاقوں میں ہنگاموں اور نفرت کی فضا تھی اس وقت تھرک کے لوگوں کی سپورٹ مثالی تھی۔ حالیہ ہنگاموں کے بعد اور مشرق وسطی کی بدلتی صورت حال کو مد نظر رکھتے ہوئے میں نے اس کانفرنس میں مذہبی، سیاسی، سماجی اور مقتدر لوگوں کو ایک موقع فراہم کیا ہے کہ وہ اپنےتجربے اور خیالات دوسروں تک پہنچائیں تاکہ ہم باہمی امن، اتحاد اوربھائی چارے کی فضا کو قائم رکھ سکیں۔ میں تمام شرکاء اور رضاکاروں کا مشکور ہوں جن کی مدد سے اس کانفرس کا انعقاد ممکن ہوا ہے۔
مزید پڑھیں:قیصر عباس گوندل برٹش پاکستانی مئیرز ایسوسی ایشن کے وائس چئیرمین منتخب
شرکاء نے آرگنائزر کی کوششوں کو سراہا اور حالیہ ہنگاموں کے عام لوگوں اور معاشرے پر اثرات، مشرق وسطی اور یوکرین کی صورت حال، مقامی مسائل، دنیا میں امن کی اہمیت اور معاشرتی ہم آہنگی بارے بات کی۔
اس موقع پر ایسکس پولیس اور کونسل کے عہدےداروں نے شرکاء کی جانب سے اٹھائے گئے نکات کو سمجھتے ہوئے یقین دہانی کروائی کہ وہ کمیونٹیز اور مذہبی اداروں کی ہر ممکن سپورٹ جاری رکھیں گے۔
کانفرنس کے اختتام پر تھرک مسلم سنٹر کی جانب سے شرکاء کو ظہرانہ دیا گیا۔ کیگز فونڈیشن، بیسٹ برٹش سنٹر ، ٹی ایم سی اور راول ویریٹاس کے سٹاف اور رضا کاروں نے کانفرنس کے انعقاد میں تعاون کیا اور کانفرنس کے اختتام پر ان کی حوصلہ افزائی کے لئے انکو خصوصی سرٹیفکیٹس پیش کیے گئے۔