پاکستان تحریک انصاف کے سرکردہ رہنما اور پی ٹی آئی کےجلسوں میں روح پھونکنے والے شیر افضل مروت اس وقت منظر عام پر نہیں ہیں۔ پہلے ان کے حوالے سے قیاس آرائیاں تھیں کہ وہ شاید پارٹی سے ناراض ہیں تبھی جلسے جلوسوں میں نہیں آ رہے۔ لیکن اس کے بعد ان کی بیماری کے بارے میں خبریں موصول ہوئیں اور چند تصاویر بھی زیر گردش رہیں جن میں دیکھا جاسکتا تھا کہ شیر افضل مروت بہت نحیف ہو گئے ہیں اور ابھی زیر علاج بھی ہیں۔
ایسے ہی ایک بیان انہوں نے اپنے ایکس اکاؤنٹ سے جاری کیا جس میں رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ مجھے اپنے چاہنے والوں کو بتاتے ہوئے تکلیف ہو رہی ہے، اور شرمندگی بھی، کہ میری طبیعت سنبھل نہیں رہی ہے۔ میرے جگر کے اور دیگر ٹیسٹ ہوئے ہیں اور وہ صحیح نہیں آے۔ میری حالت دن بدن تیزی سے خراب ہوتی جا رہی ہے۔ میں بہت کوشش کر رہا ہوں کہ کسی طرح سے میری طبیعت سنبھل جائے اور میں پہلے جیسا ہو جاؤں بالکل اسی طرح جس طرح سے اپ سب مجھے پسند کرتے تھے، لیکن روز مجھے بخار چڑھتا ہے، اترتا ہے اور میری صحت تیزی سے گرتی جا رہی ہے۔ میں اپنے ملک کے لیے، اپنے مرشد عمران خان کے لیے، اور تحریک انصاف کے لیے، بہت کچھ کرنا چاہتا ہوں لیکن خدا گواہ ہے کہ چاہ کر بھی نہیں کرپارہا۔۔ اپنی گرتی ہوئی صحت کی وجہ سے. میری صحت یابی کے لیے دعا کیجئے، کہ اللہ کریم مجھے صحت کاملہ عطاء کریں۔ سلامتی ہو آپ سب پر۔
مزید پڑھیں:پی ٹی آئی کے اراکین قومی اسمبلی اور سینیٹرز احتجاج میں کیوں شامل نہیں؟
شیر افضل مروت کا شمار ان پارٹی رہنماؤں میں ہوتے ہے جو عمران خان کے بعد بڑی تعداد میں لوگوں کو جلسے جلوسوں کیلئے نکالنے کی طاقت رکھتے ہیں۔ لیکن ان کی بیماری کی خبر چلنے پر انہیں اپنی ہی پارٹی کے ورکرز سے جلسوں میں شرکت نہ کرنے کا بہانہ بنا کر پیش کیا جاتا رہا۔
ایک کارکن نے شیر افضل مروت کے ٹویٹ کا جواب دیتے ہوئے لکھا کہ یہ سننا یقینا بہت ہی تکلیف دہ ہے سر اور ساتھ ہی بہت ہی تشویش ناک بھی۔ یہ محض کرونا کے اثرات تو نہیں ہو سکتے۔ اور دراصل شرمندہ تو انہیں ہونا چاہیے جو آپ کی بیماری کا مذاق اڑاتے رہے۔