
بالاآخر عید کے تیسرے روز عمران خان کی علی امین گنڈا پور ، اعظم سواتی اور بیرسٹر سیف سے ملاقات کرا دی گئی اور عمران خان کے ایکس اکاؤنٹ سے عید کا پیغام بھی جاری کر دیا گیا۔
تاہم اس پیغام میں رمضان المبارک میں ہونے والے ڈرون حملہ کا ذکر نہ پا کر پی ٹی آئی کی اہم شخصیت نے سوال اٹھایا کہ کیا عمران خان کو اس معاملے سے لاعلم رکھا گیا ہے؟
عمران خان کا عید پیغام:
عمران خان نے قوم کو گزشتہ عید کی مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ "میرا اللہ کی ذات پر کامل ایمان ہے۔ ظلمت کا کوئی بھی حربہ مجھے توڑ نہیں سکتا۔ اس ملک پر چھائے اندھیرے بہت جلد اختتام پذیر ہوں گے اور ہماری جدوجہد رنگ لائے گی۔ مجھے اللّہ پر پورا یقین ہے کہ میں سرخرو ہو کر باہر آؤں گا اور آئندہ عید انشاءاللہ اپنی قوم کے ساتھ کروں گا۔”
بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ میں اپنی ذات کے لیے کچھ نہیں کر رہا یہ جو کچھ کر رہا ہوں صرف اپنی قوم کی فلاح کی خاطر کر رہا ہوں۔ اللہ کے سوا کسی کا خوف نہیں۔ میں نہ پہلے کسی کے سامنے جھکا ہوں اور نہ اب کسی صورت جھکوں گا۔ میں اپنے نظریے پر کوئی سمجھوتا نہیں کروں گا اور اپنی قوم کی جنگ آخری دم تک لڑوں گا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ” اردلی حکومت کی مکمل کوشش ہے کہ مجھے قید میں رکھا جائے کیونکہ ان کو اپنے اقتدار کی فکر ہے اور یہ جانتے ہیں کہ جس دن میں جیل سے باہر آ گیا ان کا جعلی اقتدار زمین بوس ہو جائے گا۔ اسی لیے یہ مسلسل مجھے توڑنے کی کوشش میں مصروف عمل ہیں۔”
سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ "میری سیاسی ملاقاتیں بھی نہیں کروائی جاتیں کیونکہ ان کو یہ خوف ہے کہ سیاسی ملاقات میں ہم اپنا لائحہ عمل دیں گے اور اس سے ان کو اپنی کرسیوں کی فکر لاحق ہو جاتی ہے۔”
مزید پڑھیں: عید کے بعد پی ٹی آئی میں فاروڈ بلاک یا حکومت کا دھڑن تختہ؟
اہلخانہ تک رسائی میں دشواری پر بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ "میرے بچوں سے سات ماہ میں صرف دو بار بات کروائی گئی ہے اور اب دوبارہ کئی ہفتوں سے بات نہیں کروائی جا رہی۔ عید پر میری بچوں سے بات کروانی تھی مگر وہ بھی نہیں کروائی گئی۔ ”
ان کا مزید کہنا تھا کہ ” میری کتابیں تک روک لی گئی ہیں۔ میرے ذاتی معالج ڈاکٹر فیصل کو میری بارہا درخواست کے باوجود میرے معائنے کی اجازت نہیں دی جا رہی، یہ سب بار بار عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کر کے کیا جا رہا ہے لیکن چھبیسویں آئینی ترمیم کے بعد عدالتوں پر بھی قبضہ ہو چکا ہے اس لیے کوئی پوچھنے والا نہیں-“
عمران خان ڈرون حملے سے لاعلم کیوں؟
پاکستان تحریک انصاف کی متحرک رہنما صنم جاوید خان کی بہن فلک جاوید خان نے اپنے ٹویٹ میں سوال اٹھایا کہ "عمران خان کے اکاؤنٹ سے کی گئی ٹویٹ میں ڈرون کا کوئی ذکر نہیں کیا عمران خان کو ڈرون حملے کے بارے میں بتایا گیا؟؟ بتایا گیا ہوتا تو سوال ہی نہیں پیدا ہوتا خان مذمت نا کرتا”
چند اور صارفین نے بھی ایک بار پھر علیمہ خان کسے ملاقات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ علیمہ خان ہی مکمل بات باہر لاسکتی ہیں۔ عمران خان کا موجودہ بیان نامکمل ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے مردان کے علاقے کتلان میں شرپسندوں پر ڈرون حملے میں 9 شہری بھی شہید ہو گئے تھے۔
صحافی فہیم اختر ملک کا کہنا تھا کہ "عمران خان کو اعظم سواتی نے کاٹلنگ ڈرون حملہ سے متعلق نہیں بتایا،البتہ سواتی صاحب نے عمران خان سے اجازت مانگی کہ اسٹبلشمنٹ سے بات کروں کچھ رابطے ہوئے ہیں، عمران خان نے کہا وہ دھوکہ دینگے۔ یاد رہے سواتی صاحب ایک بار 7 بجے اڈیالہ پہنچ کر کامیابی سے جلسہ ملتوی کراچکے”