اہم خبریںپاکستان

پی آئی اے برطانیہ فلائٹس کو تیار، پہلی فلائٹ کب جائے گی؟

برطانیہ نے تقریباً 5 سال بعد پاکستانی ایئرلائنز کو ایئر سیفٹی لسٹ سے نکالتے ہوئے فلائٹس بحال کرنے کی اجازت دے دی ہے۔

برطانیہ نے تقریباً 5 سال بعد پاکستانی ایئرلائنز کو ایئر سیفٹی لسٹ سے نکال دیا جس کے بعد پی آئی اے برطانیہ فلائٹس کیلئے تیار ہے۔

پاکستان پر یہ پابندی 2020 میں اس وقت عائد کی گئی تھی جب پی آئی اے کے ایک خوفناک جہاز حادثے میں 97 افراد شہید ہونے کے بعد اس وقت کے وزیر ہوابازی غلام سرور خان نے ایک غیر ذمہ درانہ بیان دیا۔

غلام سرور خان نے پاکستانی پائلٹس کے لائسنس کے جعلی ہونے کے متعلق  بیان دیا جس کے بعد یورپ اور برطانیہ جیسے اہم روٹس پر پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز ( پی آئی اے ) کی رسائی بند کر دی۔

پاکستان کو ایئر سیفٹی لسٹ میں ڈال دیا گیا جس میں کئی سال کی محنت اور ایئرسیفٹی قوانین کی پابندی کی کڑی نگرانی کے بعد پی آئی اے نے یہ سنگ میل دوبارہ عبور  کر لیا ہے۔

اس سے قبل نومبر 2024 میں یورپی یونین سیفٹی ایجنسی نے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن پر عائد پابندی ختم کر دی تھی۔

لیکن برطانیہ جیسے اہم روٹ پر یہ کامیابی حاصل کرنے کیلئے پاکستان کو مزید وقت لگ گیا۔

 

یورپ اور برطانیہ کیلئے پی آئی اے فلائٹس کی اہمیت:

 

برطانیہ اور یورپی یونین کے ان روٹس کیلئے پی آئی اے کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ اس لمبے روٹ پر چلنے کیلئے پی آئی اے واحد کیرئیر رہی ہے۔

پاکستان میں آپریٹ کرنے والی نجی ایئر لائنز مقامی سطح اور مشرق وسطیٰ کیلئے فلائٹس چلاتی ہیں۔

جبکہ برطانیہ اور پورپی یونین کیلئے پی آئی اے کا کردار اہم رہا ہے۔

اس سے قبل خسارے کا شکار پی آئی اے کو اس روٹ کی بندش کی وجہ سے سالانہ 40 ارب روپے کا نقصان اٹھانا پڑا۔

 

مزید پڑھیں: پی آئی اے کا گرافک ڈیزائنر یورپ کی فلائٹس پھر بند کرائے گا

 

پی آئی اے برطانیہ فلائٹس کب سے شروع ہوں گی؟

 

پی آئی کے ترجمان نے بین الاقوامی نیوز ایجنسی کو بتایا کہ کم سے کم وقت میں پی آئی اے برطانیہ فلائٹس آپریشن دوبارہ شروع کرنے کیلئے تیاریوں کو حتمی شکل دے رہی ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ اسلام آباد-مانچسٹر روٹ کے ساتھ پروازیں دوبارہ شروع ہوں گی، تین ہفتہ وار پروازوں کا منصوبہ ابتدائی طور پر شیڈول کی منظوری تک زیر التواء ہے۔

امید ظاہر کی جارہی ہے کہ اگست کے مہینے سے فلائٹس باقاعدہ طور پر بحال ہو جائیں گی ۔

 

وزیر اعظم کا برطانیہ فلائٹس کی بحالی پر رد عمل:

وزیر اعظم شہباز شریف نے فلائٹس کی بحالی سے متعلق ایکس پر ایک ٹویٹ میں اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

شہاز شریف نے لکھا کہ برطانیہ کے لیے ہماری ایئر لائنز کے آپریشنز کی بحالی کیلئے  اللہ تعالی کا شکر گزار ہوں ۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ  پی ٹی آئی کے ارکان کی جانب سے دیئے  گئے لاپرواہ اور غیر ذمہ دارانہ بیانات نے پاکستان کی ساکھ کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا، جس سے ہمارے قومی کیریئر کو  کئی برس تک  برطانیہ اور یورپ سمیت اہم عالمی راستوں سے محروم رکھا گیا۔

وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ اس اہم اعلان کے بعد برطانیہ میں مقیم 16 لاکھ پاکستانیوں اور پاکستان میں موجود برطانوی شہریوں کو اپنے خاندانوں اور دوستوں سے ملنے کے نئے مواقع میسر آئیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ برطانیہ پاکستان کا تیسرا بڑا تجارتی شراکت دار ہے۔ فلائٹس کی بحالی سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں اضافہ ہوگا۔

انہوں نے وزیر دفاع خواجہ آصف، ایوی ایشن حکام اور تمام سٹیک ہولڈرز کو اس امر پر خصوصی شاباش بھی دی۔

دوسری جانب حکومت پی آئی اے کی نجکاری کیلئے بھی مصروفِ عمل ہے۔
بین الاقوامی نیوز ایجنسی رائٹرز کے مطابق رواں سال کے آخر تک نجکاری کا عمل مکمل ہونے کے امکانات ہیں۔

 

 

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button