
نیوزی لینڈ نے آخری ٹی ٹونٹی میں بھی قومی ٹیم کو شکست دے کر سیریز باآسانی 1-4 سے اپنے نام کر لی۔سیریز کے آخری میچ میں بھی قومی ٹیم کی بیٹنگ لائن بری طرح فلاپ ہوئی۔ کپتان سلمان علی آغا 51 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ شاداب خان نے 28 رنز بنائے۔
اوپنر حسن نواز ایک بار پھر بنا کوئی رنز بنائے پویلین لاٹ گئے جبکہ محمد حارث بھی صرف 11 رنز ہی بنا سکے۔ یوں پاکستان کرکٹ ٹیم مقررہ اوورز میں صرف 128 رنز ہی بنا پائی۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے نیشم نے 22رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کرتے ہوئے قومی ٹیم کی بیٹنگ لائن کو ریت کی دیوار ثابت کیا۔
جوابی اننگز میں نیوزی لینڈ نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 10 اوورز میں ہی دو وکٹوں کے نقصان پر ٹارگٹ حاصل کر لیا۔
اوپنر ٹم سائفرٹ کے سامنے کسی پاکستانی باؤلر کی نہ چلی۔ انہوں نے 10 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 38 گیندوں پر 97 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیل کر ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ ٹیم سائفرٹ کو شاندار کارکردگی کے اعزاز میں پلیئر آف دی سیریز کا ایوارڈ ملا۔
لیکن دلبرداشتہ پاکستانی شائقین نے بری کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کیلئے تمغہ حسن کارکردگی کی مانگ کر دی۔
مزید پڑھیں: بہتری کیلئے بنائی گئی پاکستان کرکٹ ٹیم مزید نقصان کرنے لگی
نیوزی لینڈ سے سیریز میں شکست پر تمغہ حسن کارکردگی کی اپیل:
برے کھیل پر تمغہ حسن کارکردگی ؟ جی ہاں! صدارتی ایوراڈ کی گونج کرکٹ کی میدانوں تک بھی جا پہنچی۔
قومی ٹیم کی کارکردگی سے دلبرداشتہ ایک صارف نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر لکھا کہ صدر پاکستان سے اپیل کی جاتی ہے کہ چیمپئن ٹرافی اور نیوزی لینڈ میں اچھی کارکردگی کی بنا پر پاکستانی کرکٹ ٹیم کو بمعہ سٹاف تمغہ حسن کارکردگی سے نوازا جائے شکریہ۔
سپورٹس جرنلسٹ سلیم خالق نے اوپنر حسن نواز کی کارکردگی پر سوالات اٹھا دیئے۔ اپنی ٹویٹ میں سوال کیا ” 5 میچ،تین صفر ،ایک سنچری کیا حسن نواز کی سنچری تکا تھی یا وہ واقعی باصلاحیت بیٹر ہیں؟”
سلیم خالق نے ٹیم سلیکشن کو تنقید کا ہدف بناتے ہوئے مزید کہا ” اگر زمبابوے یا بنگلہ دیش سے سیریز کیلیے یہ اسکواڈ منتخب ہوتا تو بات سمجھ آتی،آپ نے کیا سوچ کر اس ٹیم کو نیوزی لینڈ جیسے مشکل دورے پر بھیج دیا،یہ عاقب الیون یا سلمان الیون نہیں پاکستان ٹیم ہے،کچھ تو خیال کرتے ،بیرون ملک لوگ ہم پر ہنس رہے ہیں”۔
چیئرمین پی سی بی بھی تنقید کی زد سے بچ نہ سکے۔ مونس الہیٰ نے اپنے ایک ٹویٹ میں انہیں ہدف تنقید بناتے ہوئے لکھا کہ نیوزی لینڈ نے 4/1 کی واضع برتری سے پاکستان کرکٹ ٹیم کو شکست دے دی۔ محسن نقوی کو وزارت داخلہ دی تو ملک کا امن چلا گیا اور کرکٹ دی تو ملک کرکٹ میں افغانستان سے بھی نیچے چلا گیا۔ اب اسے تباہی پھیلانے کیلئے اگلی کونسی ذمہ داری دی جائیگی؟