بابر اعظم کا موبائل کھو گیا، پریشانی بھرا پیغام وائرل

پاکستان کرکٹ ٹیم اس وقت ٹرائی نیشن سیریز اور چیمپئنر ٹرافی 2025 کیلئے ٹریننگ میں مشغول ہے۔ پی سی بی کی جانب سے کھلاڑیوں کے پریکٹس سیشن کی ویڈیوز اور تصاویر بھی جاری کی جارہی ہیں۔
اسی دوران میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم نے تشویشناک خبر شیئر کر دی۔ انہوں نے اپنے ایکس اکاؤنٹ سے ایک ٹویٹ میں اپنے مداحوں کو آگاہ کیا کہ ان کا موبائل کھو گیا ہے۔
بابر اعظم کا موبائل فون گم ہونے پر ٹویٹ:
مائیکرو بلاگنگ پلیٹ فارم پر ایک ٹویٹ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بلے باز اور سابق کپتان بابراعظم نے لکھا کہ میرا موبائل فون اور اس میں موجود تمام رابطہ نمبرز کھو گئے ہیں۔ جیسے ہی مجھے میرا موبائل واپس ملتا ہے میں آپ سب سے واپس رابطے میں آ جاؤں گا۔
بابر اعظم کی جانب سے یہ پیغام سامنے آنے کےبعد سے ان کے مداحوں میں بے چینی اور تشویش پھیل گئی ہے کیونکہ سابق کپتان نے جس طرح اپنے موبائل کے کھونے کے ساتھ رابطہ نمبرز کے کھونے کا ذکر کیا وہ ظاہر کرتا ہے کہ ان کے موبائل میں یقیناً قیمتی ڈیٹا ہوگا جو باعثِ پریشانی ہے۔
تاہم اس ٹویٹ میں بابر اعظم نے یہ واضح نہیں کیا کہ ان کا موبائل کہیں کھو گیا ہے یا چوری کر لیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں:کیا بابر کو ریٹائرمنٹ لے لینی چاہیے؟
بابر کے موبائل گم جانےپر صارفین کا ردعمل:
بابر اعظم کے موبائل کھو جانے کے ٹویٹ پر صارفین نے ملا جلا رد عمل دیا۔ ایک صارف نےلکھا کہ ٹیسٹ کرکٹ میں چوتھی، ون ڈے میں تیسری اور ٹی ٹونٹی میں تیسری پوزیشن کھونے کے بعد اب موبائل کھو دیا۔ بابر بھائی مضبوط رہیں۔ایک اور صارف نے لکھا کہ وہ کتنا خوش نصیب ہوگا جس کو آپ کا موبائل ملا ہوگا۔
بابر کی جانب سے موبائل ملنے پر دوبارہ رابطے کرنے پر رد عمل دیتے ہوئے ایک صارف نے لکھا کہ اوکے کوئی مسئلہ نہیں ہے ۔ نیا فون لے کر نئی سم ڈال کر مجھے میسج کر دیجئے گا۔ جبکہ ایک شخص نے بابر اعظم کو حوصلہ دیتے ہوئے کہا کہ بابر بھائی ساتھی کھلاڑیوں نے مذاق کیا ہوگا۔
بابر اعظم نے دعا زہرہ کا دل چرا لیا:
بابر کا موبائل کہاں کھو گیا یا کس نے چرا لیا اس بارے تو ابھی کچھ نہیں کہا جاسکتا لیکن بابر نے ابھرتی ہوئی ماڈل دعا زہرہ کا دل ضرور چرا لیا۔
گزشتہ روز دعا زہرہ نے ایک نجی نیوز چینل کے شو میں اعتراف کیا کہ انہیں بابر اعظم پر کرش ہے اور جب بھی کوئی بابر کو ٹرول کرتا ہے تو مجھے بالکل اچھا نہیں لگتا۔ انہوں نے گزارش کی کہ بابر اعظم کو ٹرول نہ کیا جائے۔