اہم خبریںپاکستانجرم و سزا

انسداد دہشت گردی عدالتوں میں سی سی ٹی وی کیمرے، فواد چوہدری کا بڑا اقدام

سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے انسداد دہشت گردی عدالتوں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کیلئے سپریم کورٹ آف پاکستان کے سینئر جج اور انسداد دہشت گردی عدالتوں کے انچارج جج جسٹس ملک شہزاد احمد خان کو خط لکھ دیا۔
اپنے خط کو ایکس اکاؤنٹ پر شیئر کرتے ہوئے فواد چوہدری نے لکھا کہ آج میں نے انسداد دہشت گردی عدالتوں کے انچارج جج جسٹس ملک شہزاد کو درخواست کی ہے کہ فیصل آباد اور راولپنڈی کی عدالتوں کی کاروائی کی CCTV ویڈیو محفوظ کی جائے اور آپ دیکھیں کہ جج کس طرح غیرقانونی اور ماوراء قانون پروسیڈنگ کر رہے ہیں۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ زبانی احکامات اور ہیں اور جب تحریری آرڈر آتا ہے وہ بالکل مختلف ہے ۔ اگر ٹرائل صرف رسمی کاروائی ہے تو وقت ضائع نہ کریں اور سیدھی سزائیں سنائیں۔
جسٹس شہزاد ملک کو لکھے گئے خط میں فواد چوہدری نے لکھا کہ اس وقت میں راولپنڈی اور فیصل آباد میں انسداد دہشت گردی عدالتوں (اے ٹی سی) میں فوجداری مقدمات کا سامنا کر رہا ہوں۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے اوپن ٹرائل سے متعلق واضح احکامات اور عدالتی کارروائیوں کو میڈیا اور عوام کے سامنے کھلا رکھنے کے حکم پر معزز جج صاحبان عمل نہیں کر رہے۔ ۔ اس کے بجائے، طریقہ کار اور انتظامی اقدامات نے عوامی مبصرین اور قانونی مشیروں کے لیے عدالتوں تک رسائی میں غیرضروری مشکلات پیدا کر دی ہیں۔
سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ الزامات کی فریم ورکنگ اور درخواستوں کے فیصلے کے لیے درست طریقہ کار پر عمل نہیں کیا جا رہا۔ عدالت، جو پہلے اپنے دائرہ اختیار کا تعین کرنے کی پابند ہے، ظاہر ہوتا ہے کہ دباؤ میں جلدی سے نتائج حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے، جس سے انصاف کے اصول متاثر ہو رہے ہیں۔

مزید پڑھیں:‌پی ٹی آئی وکلاء کے پارٹی کیسز لڑنے کے 1 ارب روپےکی کہانی

فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ متعدد درخواستوں کے باوجود، عدالتیں کارروائیوں سے متعلق اہم دستاویزات اور شواہد، بشمول سی سی ٹی وی ریکارڈنگز، فراہم کرنے میں ناکام رہی ہیں۔ اس انکار نے ان ریکارڈنگز میں ممکنہ چھیڑ چھاڑ کے خدشات کو جنم دیا ہے۔ مطلوبہ دستاویزات تک رسائی کی عدم فراہمی ملزمان کے منصفانہ مقدمے اور مؤثر قانونی دفاع کے حقوق کی خلاف ورزی ہے۔
فواد چوہدری نے جسٹس ملک شہزاد سے گزارش کی کہ راولپنڈی اور فیصل آباد کی اے ٹی سی سے سی سی ٹی وی ریکارڈنگز کے حصول اور ان کی محفوظ تحویل کے احکامات جاری کرے تاکہ کسی قسم کی چھیڑ چھاڑ یا غلط استعمال سے بچا جا سکے۔
انہوں نے مزید لکھا کہ ان مقدمات کی صدارت کرنے والے جج صاحبان کے طرز عمل کا فوری جائزہ لیا جائے تاکہ قانونی طریقہ کار اور انصاف کے اصولوں پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔
فواد چوہدری نے مطالبہ کیا کہ ہدایات جاری کی جائیں کہ تمام مطلوبہ دستاویزات، بشمول عدالتی احکامات اور شواہد، جلد از جلد ملزمان اور ان کے قانونی مشیروں کو فراہم کی جائیں۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button