
وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں حالیہ دنوں میں ہونے والی ژالہ باری نے بڑے پیمانے پر نقصان کیا ہے۔ سوشل میڈیا پر گردش کرتی ویڈیوز میں دیکھا گیا کہ کیسے گاڑیوں کی شیشے اس ژالہ باری کی نذر ہوئے۔
لیکن اس سے بھی زیادہ خوفناک اور پریشان کن بات سولر پینلز سے متعلق تھی۔ گردش کرتی ویڈیوز میں دیکھا گیا کہ بہت سے مقامات پر اولے پڑنے سے سولر پینلز بری طرح متاثر ہوئے۔
اس نقصان نے اس بحث کو جنم دیا کہ طوفان ، ژالہ باری یا دیگر موسمی حالات کی وجہ سے سولر سسٹم کو پہنچنے والے نقصان سے کیسے بچا جائے۔
موسمیاتی تبدیلیوں نے جس طرح سے کرہ ارض کو متاثر کیا ہے اسے درست کرنا بہت مشکل ہوگا۔ لیکن اپنی سطح پر ہمیں اب کچھ انتظامات کرنے ہونگے جو ایسی ناگہانی آفت کی صورت میں ہمارے سولر پینلز کو نقصان نہ پہنچائے۔
آج ہم ایسے ہی چند طریقے دیکھنے کی کوشش کرتے ہیں جس سے شمسی توانائی کے ان پینلز کو نقصان سے بچایا جاسکتا ہے۔
ژالہ باری کی صورت میں سولر پینل کیسے محفوظ بنائے جائیں:
اولے برداشت کر سکنے والے سولر پینلز کا انتخاب کریں:
شمسی توانائی سے استفادہ کرنے کیلئے صرف تعلق کو ہی بنیاد بنا کر سولر پینل نہ لگوائیں بلکہ بین الاقوامی حفاظتی معیار کے مطابق اولے برداشت کرنے والے سولر پینل لگوائیں۔
اپنے سولر پینلز کیلئے IEC 61730 یا UL 61730 کے ان حفاظتی سرٹیفکٹیس کا خصوصی خیال رکھیں ۔ یہ سرٹیفکیٹ سولر سسٹم کو اس قابل بناتے ہیں کہ 1 سے 3 انچ قطر رکھنے والے اولے 3۔88 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے برداشت کئے جا سکتےہیں۔
اسی طرح IP68ریٹنگ کی ٹیسٹنگ بھی لازمی کرائیں کیونکہ یہ سولر سسٹم دھواں پانی اور اولے پڑنے کی صورت میں نقصان سے بچاتے ہیں۔
مزید پڑھیں: سولر نیٹ میٹرنگ سے متعلق نئی پالیسی، کیا اب سولر لگانا فائدے مند نہیں رہا؟
پینلز کی درست تنصیب کو یقینی بنائیں
بعض اوقات صحیح زوایے پر نصب کرنے سے پینلز ڈائریکٹ اولے پڑنے سے محفوظ رہتے ہیں جس سے نقصان کا خدشہ کم ہو جاتا ہے۔
مثال کے طور پر 60 یا اس سے زائد زاویے پر نصب کی گئی سولر پلیٹس سیدھی ژالہ باری کی زد میں نہیں آتیں۔
کچھ ممالک میں ٹیکنالوجی کےاستعمال سے ایسا بھی ممکن ہوا ہے کہ سولر پینل خود کار نظام کے ذریعے بھی جھکتے رہتے ہیں۔ کوشش کریں کہ ایسی ٹیکنالوجی مہیا کرنے والے برانڈ سے سولر سسٹم خریدیں۔
اضافی حفاظتی اقدامات:
چند کم خرچ اور عارضی حفاظتی انتظامات بھی مشکل وقت میں آپکو نقصان سے بچا سکتے ہیں۔ مثال کے طور پر ہارڈ شیل کور آپکو ژالہ باری کے صورت میں اس نقصان سے بچا سکتے ہیں۔
لیکن یہ سورج کی روشی کو روکنے کا باعث بنتے ہیں اسلئے صرف سنگین موسمی حالات جیسا کہ طوفان اور ژالہ باری میں استعمال کریں۔
سافٹ کور یا ترپال اگرچہ ثانوی درجے کا تحفظ فراہم کرتی ہے تاہم مشکل وقت میں کچھ نہ ہونے سے یہ حفاظت پھر بھی بہت بہتر ہے۔
ژالہ باری کی صورت میں پہلے منصوبہ بندی کریں:
آج کل موسمی حالات کا پہلے سے پتا لگانا کوئی مشکل کام نہیں۔ بہت سی ایسی سروس موجود ہیں جو موسم کی سنگینی کا الرٹ وقت سے پہلے جاری کردیتی ہیں۔
کوشش کی جائے کہ ان کا مناسب استعمال کر کے نقصان سے بچا جائے۔
ماحصل:
سولر پینل کے حفاظتی اقدامات میں متفرق عوامل کو مدنظر کھا جائے تو کامیابی ممکن ہو سکتی ہے۔ بہترین معیار اور بین الاقوامی حفاظتی انتظامات کے تحت بنائے گئے سولر سسٹم کا استعمال کریں۔
موسم کی پیشن گوئی کرنے والے سسٹم سے استفادہ حاصل کریں اور عارضی کور سے لیکر مستقل شیٹ تک جہاں تک ممکن ہو سکے حفاظت یقینی بنائی جائے۔
یاد رکھیں کہ حفاظتی انتظامات پر چند ہزار روپے آپکی شمسی توانائی پر کئی گئی لاکھوں کی سرمایہ کاری کی حفاظت کا باعث بنتی ہیں۔