امریکی خاتون نے 300 روپے کے جعلی زیورات کتنے کروڑ میں خرید لیے

بھارتی شہر جے پور میں چیرش نوکیا نامی امریکی خاتون ایک بڑے فراڈ کا شکار ہو گئیں، جب انہوں نے 6 کروڑ روپے کے زیورات خریدے جو بعد میں جعلی ثابت ہوئے اور ان کی مالیت محض 300 روپے نکلی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، راجستھان کے شہر جے پور میں ایک باپ بیٹے کی جوڑی، راجندر سونی اور گورو سونی،نے امریکی خاتون کو 300 روپے مالیت کے جعلی زیورات 6 کروڑ روپے میں فروخت کیے۔جس میں چاندی کی چینیں جن پر دھوکے سے سونے کا رنگ چڑھایا گیا تھا اور قیمتی ہیروں کے نام پر موئسانائٹ پتھر بیچےجن کی قیمت صرف 300 روپے تھی۔
پولیس نے تحقیقات میں معلوم کیا کہ نند کشور نامی شخص نے جعلی زیورات کے لیے جعلی سرٹیفکیٹ بنایا، جس کی بناء پر خاتون کو دھوکہ دینے کے الزام میں نند کشور کو گرفتار کر لیا گیا ہے، تاہم اصل مجرمان راجندر اور گورو سونی ابھی تک فرار ہیں اور پولیس ان کی تلاش میں ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جعل ساز باپ بیٹے نے خاتون سے حاصل کردہ رقم سے جے پور میں 3 کروڑ روپے مالیت کا فلیٹ خریدا۔ چیرش نوکیا 2022 سے اپنے کاروبار کے لیے مختلف جیولرز سے قیمتی زیورات خرید رہی تھیں۔ اپریل 2024 میں امریکا میں ایک نمائش کے دوران انکشاف ہوا کہ یہ زیورات نکلی ہیں۔ اس انکشاف کے بعد وہ مئی 2024 میں جے پور واپس آئیں تاکہ جعل سازوں کو پکڑ سکیں۔
مزید پڑھیں:استاد کی دھوپ میں کھڑا رہنے کی سزا، بچہ معذور ہوگیا
لیکن حیرانگی کی بات تو یہ ہے کہ راجندر اور گورو نے الٹا چیرش نوکیا کے خلاف ہی شکایت درج کروادی اور ان پر الزام لگادیا کہ اس نے ان کی دکان سے زیورات زبردستی لے لیے۔ تاہم، سی سی ٹی وی فوٹیج میں ان کا یہ جھوٹا دعویٰ غلط ثابت ہو گیا۔
پولیس نے سیتا پورہ کی ایک لیبارٹری سے زیورات کے جعلی ہونے کی تصدیق بھی کرائی۔جے پور پولیس نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ قیمتی زیورات کے خریدو فروخت کے دوران دھوکہ دہی سے بچنے کے لیے ہمیشہ مشہور اور معروف دکانوں سے خریداری کریں۔تاہم، پولیس اپنی پوری کوشش کر رہی ہے کہ وہ جلد ہی اصل مجرمان راجندر اور گورو سونی کو گرفتار کر لے گی.