نیوزی لینڈ سے وائٹ واش، محمد رضوان کا اب توجہ پی ایس ایل پر کرنے کا مشورہ
نیوزی لینڈ نے تیسرے ایک روزہ میچ میں پاکستان کو 43 رنز سے شکست دے کر تین میچز کی سیریز میں قومی ٹیم کو وائٹ واش کر دیا۔

نیوزی لینڈ نے تیسرے ایک روزہ میچ میں پاکستان کو 43 رنز سے شکست دے کر تین میچز کی سیریز میں قومی ٹیم کو وائٹ واش کر دیا۔
42 اوورز تک محدود کئے گئے اس میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی۔
کیویز کرکٹ ٹیم نے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 264 رنز کی اننگز کھیلی۔ پاکستان کی طرف سے عاکف جاوید 4 وکٹیں لے کر نمایاں رہے۔
ان کے علاہ نسیم شاہ نے دو وکٹیں، سفیان مقیم اور فہیم اشرف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
جوابی اننگز میں قومی ٹیم 40 ویں اوور میں ہی 221 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ بیٹنگ لائن نے ایک بار پھر مایوس کیا۔ اوپنر امام الحق صرف ایک رنز بنا سکے جبکہ عبداللہ شفیق نے 56 گیندوں پر صرف 33 رنز کی اننگز کھیلی۔
بابر اعظم 50 بنا کر نمایاں رہے تاہم وہ اپنی ففٹی کے بعد ٹیم کی جیت میں کردار ادا نہ کرسکے۔ محمد رضوان نے 37 اور طیب طاہر نے 33 رنز کی اننگز کھیلی۔
نیوزی لینڈ سے وائٹ واش کے بعد اب توجہ پی ایس ایل پر:
میچ کے بعد میڈیا ٹاک میں کپتان محمد رضوان نے ٹیم اور شائقین کو اس بدترین شکست سے نظر ہٹا کر پی ایس ایل پر توجہ مرکوز کرنے کا مشورہ دے ڈالا۔
محمد رضوان کا کہنا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی اور اس سیریز کے بعد ہم ماضی کو پیچھے چھوڑ دیں گے۔ پی ایس ایل ہمارے لیے ایک بڑا ٹورنامنٹ ہے، اور امید ہے کہ ہم لوگوں کو خوش کرنے کے لیے کچھ دیں گے۔
مزید پڑھیں: پاکستان سپر لیگ سیزن 10 کا ترانہ ریلیز، شائقین کو پسند نہ آسکا
انہوں نے مزید کہا کہ یہ ہمارے لئے ایک مایوس کن سیریز تھی ۔ تاہم بابر اعظم کو کریڈٹ دیتے ہوئے کپتان رضوان کاکہنا تھا کہ بابر نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس سیریز میں دو نصف سنچریاں سکور کی ہیں۔
بدترین شکست کے بعد اس کو نظر انداز کرتے ہوئے پی ایس ایل کی طرف دیکھنے لگ جائیں تو بین الاقوامی سطح پر کرکٹ کا کی تباہی کا جوابدہ کون ہوگا؟
شائقین کرکٹ نیوزی لینڈ سے وائٹ واش ہونے پر پھٹ پڑے۔ ایک صارف نے لکھا کہ ویل ڈن پی سی بی، بیٹنگ ، باؤلنگ، فیلڈنگ کچھ نہیں چلا۔
ایک صارف نے لکھا کہ اس کارکردگی پر محسن نقوی کو تمغہ دیا جائے جبکہ ایک صارف نے تو سرے سے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھیلنے پر ہی پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کردیا۔