نیوزی لینڈ سے ہارنے کے باوجود بابر اعظم کونسے نئے اعزازات جیت گئے؟

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان روالپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے تیسرے ٹی ٹونٹی میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔ پاکستان کے 179 رنز کے ہدف کو مہمان ٹیم نے 18ویں اوور میں عبور کرتے ہوئے فتح سمیٹی۔
پاکستان کی جانب سے بابراعظم اور صائم ایوب نے اچھا آغاز فراہم کیا اور 55 رنز کی اوپننگ پارٹنرشپ بنائی۔ صائم ایوب کیوی کرکٹ ٹیم کا پہلا شکار بنے۔ صائم نے 35 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ اس کے بعد کپتان بابر اعظم 37 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے تاہم آؤٹ ہونے سے قبل بابر ایک ریکارڈ توڑ گئے۔
بطور کپتان ٹی ٹونٹی میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ایرون فنچ کا ریکارڈ بابر اعظم نے توڑ ڈالا۔ فنچ نے 76 اننگز میں 2236 رنز بنا کر یہ ریکارڈ اپنے نام کیا تھا۔ تاہم بابر نے یہ ریکارڈ صرف 67 اننگز میں حاصل کر لیا۔ یوں بابر ہار کر بھی ریکاڈ بناگئے۔ اس کے ساتھ ٹی ٹونٹی میں 400 چوکے مکمل کرنے کا ریکارڈ بھی بابر اعظم نے اپنے نام کر لیا۔تاہم ٹیم مقررہ اوورز میں صرف 179 رنز ہی بنا سکی۔
مزید پڑھیں: بابر اعظم اور ویرات کوہلی کو محمد رضوان سے کیا خطر ہ ہے؟
پاکستان کی جانب سے دیئے گئے ہدف کے تعاقب میں کیوی ٹیم نے بھی 42 رنز کا اچھا آغاز لیا جس میں ٹم سائفرٹ عباس آفریدی کی بال پر بولڈ ہو گئے۔ اس سے اگلے ہی اوور میں نسیم شاہ نے ٹم روبنسن کو پویلین کی راہ دکھائی۔
تاہم دوسری وکٹ کے بعدچیپ مین اور ڈین فوکس کروفٹ نے پاکستانی بالرز کو خوب نشانے پر رکھ لیا اور ایک نہ چلنے دی یوں یہ پارٹنر شپ 68 گیندوں پر 117 رنز بننے کی وجہ سے فیصلہ کن ثابت ہوئی۔ اگرچہ عباس آفریدی نے بعد ازاں ڈین فوکس کروٹ کو چلتا کیا، لیکن تب تک قومی کرکٹ ٹیم ہار چکی تھی بس اعلان ہونا باقی تھا۔
One Comment