بہتری کیلئے بنائی گئی پاکستان کرکٹ ٹیم مزید نقصان کرنے لگی
۔ نیوزی لینڈ کے خلاف دوسری ٹی ٹونٹی میں بھی شکست کا سلسلہ نہ تھم سکا اور جیت ایک بارپھر روٹھ گئی۔

بہتری کی غرض سے نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل پاکستان کرکٹ ٹیم بہتری کے بجائی مزید خرابی پیدا کرنے لگی۔ نیوزی لینڈ کے خلاف دوسری ٹی ٹونٹی میں بھی شکست کا سلسلہ نہ تھم سکا اور جیت ایک بارپھر روٹھ گئی۔
دوسری ٹی ٹونٹی میں نیوزی لینڈ نے نوجوان خون پر مشتمل پاکستانی ٹیم کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں دو صفر کی برتری حاصل کر لی۔
بارش سے متاثرہ دوسرے میچ میں 15 اوورز پر مشتمل کھیل کھیلا گیا۔ نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا۔
پاکستان کرکٹ ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 135 رنز بنا سکی۔ جوابی اننگز میں نیوزی لینڈ نے 14ویں اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر ہدف عبور کرتے ہوئے 5 وکٹوں سے کامیابی حاصل کرلی۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کی فلاپ بیٹنگ لائن:
پاکستان ٹیم نے اننگز کا آغاز کیا تو حسن نواز مسلسل دوسری اننگز میں بنا کوئی رنز بنائے پویلین لوٹ گئے۔ محمد حارث بھی صرف 11 رنز کی اننگز کھیل سکے۔
اوپنرز کی ناکامی پر شائقین کرکٹ پھٹ پڑے۔ ایک صارف نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر لکھا ” حسن نواز اور محمد حارث کو ٹیم مینجمنٹ یہ سمجھائے کہ یہ انٹرنیشنل کرکٹ ہے، اور آپ نیوزی لینڈ جیسی مضبوط ٹیم کے خلاف اُس کے ہوم گراؤنڈ پر کھیل رہے ہیں۔ اس طرح آنکھیں بند کرکے بلا گھمانے والے لاکھوں کھلاڑی پاکستان میں گلی محلوں میں کھیلتے ہیں۔”
صرف کپتان سلمان علی آغا 28 گیندوں پر 46 رنز کی دھواں دار اننگز کھیل کر نمایاں رہے۔ ان کے علاوہ شاداب خان نے 26 جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے 22 رنز کی اننگز کھیلی۔
مزید پڑھیں: نوجوان خون بھی قومی کرکٹ ٹیم کے کام نہ آسکا، نیوزی لینڈ سے بدترین شکست
عرفان خان نیازی بھی صرف 11 رنز بنا سکے جبکہ پہلے میچ میں ٹیم کی بیٹنگ لائن کو سہارا دینے والے خوشدل شاہ اس میچ میں صرف 2 رنز ہی بنا سکے۔
جوابی اننگز میں نیوزی لینڈ بلے بازوں نے پاکستانی باؤلرز کی خوب درگت بنائی۔ نیوزی لینڈ اوپنر ٹم سائفرٹ نے ایک ہی اوور میں شاہین آفریدی کو 4 چھکے جڑ دیئے اور مجموعی طور پر یہ مہنگا ترین اوور شاہین شاہ آفریدی کو 26 رنز کا پڑا۔
ایک طرف کچھ شائقین کرکٹ اس بات پر ہی خوش دکھائی دیئے کے پچھلے میچ کی طرح بری طرح نہیں ہارے تو وہیں کچھ شائقین کو ایک بار پھر بابر اعظم اور فخرزمان کی یاد ستانے لگی۔