
پاکستان تحریک انصاف کے بعد اب عوامی نیشنل پارٹی ( اے این پی) کی بھی بڑی وکٹ گر گئی ہے۔ سابق سینیٹر اور سیکرٹری انفارمیشن زاہد خان نے ن لیگ میں شمولیت کا فیصلہ کر لیا۔
ذرائع کے مطابق زاہد خان کی رہائش گاہ پر ورکرز کنونشن ہو گا جہاں میں اے این پی سے علیحدگی کا باضابطہ اعلان کروں گا۔ وہ مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما امیر مقام کے ساتھ ایک پریس کانفرنس میں ن لیگ میں شمولیت کا اعلان کریں گے۔
یاد رہے کہ 2 ماہ قبل ہی سینیٹر زاہد خان نے سیاست سے کنارہ کشی کا اعلان کیا تھا۔ عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے سینئر رہنما زاہد خان نے پارٹی کی ترجیحات میں تبدیلی اور سیاسی میدان میں بڑھتی ہوئی مالی مداخلت کا حوالہ دیتے ہوئے سیاست سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔
اے این پی کے سابق سیکرٹری اطلاعات اور سابق سینیٹر زاہد خان نےاس موقع پر کہا تھا کہ موجودہ سیاسی ماحول نے انہیں عہدہ چھوڑنے پر مجبور کیا۔
مزید پڑھیں:مبارک زیب ن لیگ کو مبارک
تاہم اب انہوں نے دو ماہ کی بریک کے بعد اپنا سفر پاکستان مسلم لیگ ن کے پلیٹ فارم سے دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے،جس کا وہ امیر مقام کے ساتھ پریس کانفرنس میں اعلان کریں گے۔ اس سے قبل زاہد خان نے 1997 میں اور پھر 2009 میں دو بار سینیڑز رہے۔ 2015 تک پاکستان کے ایوان بالا میں اے این پی کی نمائندگی کی۔
سینیٹ میں اپنے وقت کے دوران، زاہد خان نے سینیٹ کمیٹی برائے پانی و بجلی کی سربراہی کی اور مواصلات، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکیشن، اور پارلیمانی امور سمیت کئی اہم کمیٹیوں کے رکن رہے۔
یہ ن لیگ کیلئے ایک ہفتے میں دوسری بڑی کامیابی ہو گی کیونکہ اس سے قبل مبارک زیب نے بھی اپنی راہیں پی ٹی آئی سے جدا کرتے ہوئے ن لیگ سے جوڑ لی تھیں اور انہوں نے بھی امیر مقام کے ساتھ پریس کانفرنس میں یہ اعلان کیا تھا۔